اچھاہے… بہت اچھا ہے کہ لوگوں کی آنکھیں کھل جائیں اور… اور وہ نوشتہ دیوار پڑھ سکیں… وہ کیا ہے کہ اگر لوگوں کی آنکھیں کھل نہ جائیں تو پھر وہ کیا خاک پڑھ سکیں گے… ہم خوش ہیں کہ کشمیر میں لوگوں کی آنکھیں کھل گئی ہیں اور… اور انہیں دیوار پر لکھی تحریر صاف نظر آ رہی ہے… اس کیلئے ہم مشکور و ممنون ہیں لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا جن کی وجہ سے کشمیر میں سب کچھ واضح کردیا … سیاہ و سفید کی طرح بالکل واضح … اسی لئے تو لوگوں کی آنکھیں کھل رہی ہیں اور… اور انہیں سمجھ آرہا ہے کہ وہ کہاں تھے اور انہیں کہاں ہونا چاہئے… اسی لئے تو صاحب کوئی کسی پارٹی سے مستعفی دے رہا ہے تو… تو کوئی کسی پارٹی میں شامل ہو رہا ہے… اس سب کے پیچھے اگر کسی کا ہاتھ ہے تو… تو لوک سبھا انتخابی نتائج کا ہاتھ ہے… کسی اور کا نہیں ۔ ہاں یقینا اس سے پہلے کسی اور کا بھی ہاتھ تھا… جس نے ان لوگوں کو اے ‘ بی ‘ سی اور ڈی ٹیموں میں شمولیت اختیار کرنے کا حکم دیا تھا اور… اور یہ لوگ ہول سیل میں اے ‘ بی ‘ سی اور ڈی ٹیموں میں شامل ہو ئے تھے … اس امید کے ساتھ کہ … کہ اب ان کا دور آنے والا ہے‘ انکے اچھے دنوں کی شروعات ہونے والی ہے… لیکن جب الیکشن ہوا… لوک سبھا الیکشن ہوا تو… تو اللہ میاں کی قسم دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی الگ ہو گیا… اور ان لوگوں کو سمجھ میں آگیا کہ… کہ اے‘ بی ‘ سی اور ڈی ٹیمیں … سیاست … کشمیر کی سیاست کا ابھی اے ‘ بی ‘ سی اور ڈی بھی نہیں ہیں…یہ کیا خاک متبادل فراہم کریں گی ۔ اسی لئے تو صاحب ہم دیکھ رہے ہیں اور آئندہ اور زیادہ دیکھیں گے کہ… کہ ان ٹیموں سے انخلاء شروع ہوا ہے…لوگ باہر آنا شروع ہو گئے ہیں… اور باہر آکر پھر ان جماعتوں میں پناہ لے رہے ہیں جن جماعتوں… جن پارٹیوں کو چھوڑ کر یہ اے‘ بی ‘ سی اور ڈی ٹیموں میں شامل ہو گئے تھے … ہاں ہم جانتے ہیں کہ… کہ آپ یہ سوچ رہے ہیں کہ یہ لوگ کون سا منہ لے کر واپس اپنی پرانی جماعتوں میں شامل ہو رہے ہیں تو… تو صاحب اتنی سمجھ تو آپ میں بھی ہونی چاہئے کہ …کہ آپ یہ سمجھ سکیں کہ سیاستدانوں کے ہاں تھوڑا ہی ایک چہرہ …ایک منہ ہوتا ہے…ان کے پاس بہت سارے منہ اور چہرے ہو تے ہیں… ان میں سے کوئی بھی منہ لے کر یہ واپس اپنی پرانی جماعتوں میں شامل ہو رہے ہیں اور…اور یہ ان کیلئے اور نہ کسی اور کیلئے کوئی مسئلہ ہے …مسئلہ اگر ہے تو اے ‘ بی‘ سی اور ڈی ٹیموں کو ہے… انخلاء کا مسئلہ ۔ ہے نا؟