نئی دہلی//
وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی وزراء کونسل میں شامل کئے جانے والے اراکین کو اتوار کے روز حلف دلانے کے لئے اسٹیج تیار ہوگیا ہے ۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو مسٹر مودی کو کل شام سوا سات بجے راشٹرپتی بھون کے صحن میں حلف دلائیں گی۔ مسلسل تیسری بار وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لے کر ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے ریکارڈ کو دہرانے والے مودی کی اس بار کی تقریب حلف برداری۲۰۲۴کی پہلی دو تقریب حلف برداری کی طرح ہی تاریخی اور شاندار ہونے جارہی ہے ۔
تقریب میں کئی ہمسایہ ممالک کے سربراہان حکومت وریاست اور ملک کے مختلف خطوں سے مدعو ممتاز شخصیات کے ساتھ کل آٹھ ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے ۔
تقریب اور مہمانوں کے بیٹھنے کے اسٹیج کی سجاوٹ کے بارے میں ہفتہ کو راشٹرپتی بھون کی طرف سے ایک ویڈیو جاری کیا گیا، جس میں کارکنان کرسیاں لگانے ، ریڈ کارپٹ بچھانے اور احاطے کی سجاوٹ کو حتمی شکل دینے میں مصروف تھے ۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والی ایک ریلیز کے مطابق سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے ، مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو، سیشلز کے نائب صدر احمد عفیف، بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ، ماریشس کے وزیر اعظم پرویند کمار جگناتھ، وزیر اعظم نیپال پشپ کمل دہل ’پرچنڈ’اور بھوٹان کے وزیر اعظم شیرنگ ٹوبگے نے اس تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے ۔
شیخ حسینہ ہفتہ کی دوپہر ہی یہاں آگئی تھیں۔ ہوائی اڈے پر وزارت خارجہ کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔
ریلیز کے مطابق حلف برداری کی تقریب کے بعد یہ رہنما شام کو راشٹرپتی بھون میں صدر مرمو کی طرف سے منعقدہ عشائیہ میں بھی شرکت کریں گے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ مسٹر مودی کی مسلسل تیسری میعاد کے لیے ان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے رہنماؤں کا دورہ ہندوستان کی جانب سے ’پڑوسی پہلے‘پالیسی اور ’ساگر‘اپروچ کو دی جانے والی اعلیٰ ترجیح کے مطابق ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس تقریب کے لیے کس سوچ کے ساتھ دعوت نامے بھیجے گئے ہیں، اس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اس کی ایک بانگی پہلی لوکو پائلٹ سریکھا یادو ہیں۔ ریلوے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یادو ان ۱۰لوکو پائلٹس میں شامل ہیں جنہیں نئی دہلی میں حلف برداری کی تقریب کے لیے مدعو کیا گیا ہے ۔ وہ سولاپور اور ممبئی میں سی ایس ایم ٹی کے درمیان چلنے والی سیمی ہائی اسپیڈ وندے بھارت ایکسپریس کی پہلی خاتون لوکو پائلٹ ہیں۔
اس دوران دہلی پولیس نے۹جون کو ہونے والے پروگرام کے دوران سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں۔ دہلی پولیس حکام کے مطابق اس پروگرام کے لیے کثیر سطحی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
راشٹرپتی بھون کی سیکورٹی کے لیے نیم فوجی دستوں کی پانچ کمپنیاں تعینات کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ این ایس جی کمانڈوز، ڈرون اور اس میگا ایونٹ کے لیے راشٹرپتی بھون کی سیکورٹی میں اسنائپرز بھی تعینات رہیں گے ۔
قابل ذکر ہے کہ جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کو قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کی پارلیمانی پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا اوراین ڈی اے کی جز جماعتوں کی جانب سے مسٹر مودی کو وزیر اعظم کے عہدے کے لیے متفقہ حمایت کا ایک خط صدر جمہوریہ کو پیش کیا گیا۔
صدر جمہوریہ نے مسٹرمودی اور وزراء کی نئی کونسل کی حلف برداری کے لیے اتوار کی شام کے وقت کو منظوری دے دی ہے ۔