جموں/ 12اپریل
جموں وکشمیر کے سانبہ ضلع کے پہاڑی علاقے ڈھاکی میں باپ نے گہری نیند میں سوئے اہل خانہ پر تیز دھا روالے ہتھیار سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں اس کے بیٹے کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ اہلیہ اور بیٹی شدید طورپر زخمی ہیں۔
پولیس نے والد کو حراست میں لے کر مزید تحقیقات شروع کی۔
اطلاعات کے مطابق سانبہ کے پہاڑی علاقے سمجھ کے ڈھاکی گاوں میں بدھوار صبح چھ بجے کے قریب والد نے گہری نیند میں سوئے اہل خانہ پر تیز دھار والے ہتھیار سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں اُس کی اہلیہ ، بیٹا اور بیٹی زخمی ہوگئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں خبر پھیلتے ہی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا تاہم ڈاکٹروں نے 21سالہ نوجوان کو مردہ قرار دیا جبکہ اُس کی اہلیہ کی حالت بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے والد کو ایک کمرے میں بند کرکے پولیس کو جانکاری فراہم کی چنانچہ ڈی ایس پی سانبہ فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور والد جس کی شناخت کلویر سنگھ کے بطور ہوئی کو حراست میں لے کر اس سلسلے میں مزید تحقیقات شروع کی ۔
یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آخر کار والد نے اپنے ہی پریوار پر کیوں حملہ کیا ۔