نئی دہلی/ یکم اکتوبر
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ 4 اکتوبر سے دو دن کےلئے جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے، جس کے دوران وہ وہاں کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے، دو ریلیوں سے خطاب کریں گے اور ویشنو دیوی مندر میں پوجا کریں گے۔
دورے کے پہلے دن، شاہ راجوری میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے، ترقیاتی پروجیکٹوں کا آغاز کریں گے اور صبح وشنو دیوی مندر کا دورہ کرنے کے بعد جموں میں مختلف پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
5 اکتوبر کو وہ سرینگر کے راج بھون میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں جموں و کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، فوج، نیم فوجی دستوں، ریاستی پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام اعلیٰ سطحی میٹنگ میں حصہ لیں گے۔
شاہ سرینگر میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کے آغاز اور سنگ بنیاد رکھنے سے پہلے ضلع بارہمولہ میں ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔