جموں//
بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر میں سیاسی جماعتوں کے ایک جٹ ہونے سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ وہ بی جے پی کی عوامی مقبیولت سے خوف زدہ ہیں۔
گپتا نے کہا کہ جو لوگ یہاں پندرہ برسوں سے رہائش پذیر ہیں ان کو ووٹ کا حق ملنا چاہئے ۔
سابق نائب وزیر اعلیٰ نے یہ ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
گپتا نے کہا’’جموں کشمیر میں سیاسی جماعتوں کے ایک جٹ ہونے سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ بی جے پی کی عوامی مقبولیت سے ڈرتی ہیں‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی کو ہرانے کیلئے سب ایک ہو رہے ہیں لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔
بی جے پی لیڈرنے غیر مقامی لوگوں کو ووٹ کا حق دینے کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا’’جو لوگ یہاں گذشتہ پندرہ برسوں سے رہ رہے ہیں انہیں ووٹ کا حق کیوں نہیں دیا جاسکتا ہے ‘‘۔انہوں نے جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات جلد منعقد ہونے کی امید ظاہر کی۔