جموں؍۱۷؍اگست
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینکڑوں کارکنوں نے پیر کے روز جموں میں نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حکومت اپنے انتخابی وعدے پورے کرنے اور بے روزگاری و ترقیاتی مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر ست شرما کی قیادت میں احتجاجی کارکنوں نے پلے کارڈز اور پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ کارکن ڈوگرا چوک، مہیش پورہ اور پنج تیرتھی میں جمع ہوئے اور بعد ازاں شالیمار روڈ کے راستے سول سیکریٹریٹ کی جانب الگ الگ مارچ کیا۔ ان جلوسوں کی قیادت ست شرما، رکن پارلیمنٹ جگت کشور شرما اور جموں و کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے کی۔ اس دوران کارکنوں نے این سی-کانگریس اتحاد کے خلاف نعرے لگائے۔
پارٹی کے کئی سینئر رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت پر بڑے پیمانے پر بدعنوانی اور حکمرانی میں مکمل ناکامی کا الزام عائد کیا۔
مظاہرین نے این سی،کانگریس حکومت کے پتلے بھی نذر آتش کیے، جبکہ مارچ کے راستوں اور سول سیکریٹریٹ کے اطراف پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ بی جے پی مہیلا مورچہ کی خواتین کارکنوں نے بھی احتجاج میں شرکت کی۔
جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر ست شرما نے کہا، ’’ہزاروں بی جے پی کارکن، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور عام لوگ این سی کی قیادت والی حکومت کے خلاف اپنے غصے کا اظہار کرنے کے لیے سڑکوں پر ہیں۔ طویل وقفے کے بعد انتخابات ہوئے اور نیشنل کانفرنس کئی وعدے کرکے اقتدار میں آئی۔ لیکن اب جب عملی طور پر کام کرنے کا وقت آیا ہے تو وہ عوام کو گمراہ کرنے کے لیے ریاستی حیثیت کا مسئلہ اٹھاتے رہتے ہیں۔‘‘
شرما نے دعویٰ کیا کہ حکومت عوام کی توقعات پوری کرنے میں ناکام رہی ہے اور اسی لیے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لیے ریاستی حیثیت کے معاملے کو استعمال کررہی ہے۔
بی جے پی یونٹ صدر نے کہا، ’’وہ جانتے ہیں کہ عوام ان سے سوال کریں گے۔ انہوں نے پہلے ہی نگروٹہ اور بڈگام کے ضمنی انتخابات کے نتائج دیکھ لیے ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ ان کی حالت کیا ہونے والی ہے۔ نیشنل کانفرنس ایک مکمل طور پر ناکام سیاسی جماعت ہے۔ بدقسمتی سے ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ اس کا اتحاد ایسی سیاسی جماعت (کانگریس) کے ساتھ ہے جسے قومی ترانے یا قومی گیت کا کوئی احترام نہیں۔‘‘
شرما نے یقین دلایا کہ بی جے پی چاہتی ہے کہ حکومت مؤثر انداز میں کام کرے اور پارٹی ایک تعمیری حزب اختلاف کا کردار ادا کرے گی۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے عوامی مسائل حل نہ کیے تو بی جے پی اپنی تحریک میں مزید شدت لائے گی اور آئندہ اضلاع، قصبوں اور مقامی سطح پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ جگت کشور شرما نے بھی نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت کو عوام کو درپیش بنیادی مسائل حل کرنے میں ناکام قرار دیا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ متعدد یقین دہانیوں کے باوجود حکومت مناسب شہری سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے، جن میں بہتر سڑکیں، بجلی اور پینے کا پانی شامل ہیں۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ این سی حکومت عوام کا اعتماد کھو چکی ہے اور اسے اپنی ناکامیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دینا چاہیے۔قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے بھی نیشنل کانفرنس حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر بدعنوانی، انتظامی ناکامی اور ناقص حکمرانی کے الزامات عائد کیے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ابتدا میں تعمیری حزب اختلاف کا کردار ادا کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن حکومت کی مسلسل ناکامیوں نے پارٹی کو سڑکوں پر احتجاج کرنے کے لیے مجبور کردیا ہے۔
بی جے پی کے رکن اسمبلی شام لال شرما نے کہا کہ حکومت کو ’’اسمبلی کے ایوان سے سڑکوں تک‘‘ جواب دہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے جموں خطے کے لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک کا بھی الزام عائد کیا۔
رکن اسمبلی وکرم رندھاوا نے بھی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو نشانہ بنایا اور الزام لگایا کہ حکومت عوام کے فوری مسائل حل کرنے کے بجائے پروٹوکول اور سیاسی دکھاوے پر زیادہ توجہ دے رہی ہے۔
بی جے پی مہیلا مورچہ کی صدر نیہا مہاجن نے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع، بے روزگاری سے نمٹنے کے اقدامات اور خواتین سے کیے گئے وعدوں سے متعلق سوالات اٹھائے۔
بی جے پی رہنماؤں نے یہ بھی کہا کہ مرکز پہلے ہی اشارہ دے چکا ہے کہ مناسب وقت پر ریاستی حیثیت بحال کی جائے گی۔ انہوں نے نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت سے سوال کیا کہ وہ انتخابات کے دوران ووٹروں سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرنے میں کیوں ناکام رہی ہے۔
۔۔۔۔۔
(ویب ڈیسک )










