سرینگر؍۱۷؍اگست
نیشنل کانفرنس نے پیر کے روز جموں میں بے روزگاری اور ترقیاتی مسائل کو لے کر بی جے پی کے احتجاج کو ’’ڈراما‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو چاہیے کہ وہ پہلے جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کرے اور اس کے بعد منتخب حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لے۔
این سی کے چیف ترجمان اور رکن اسمبلی تنویر صادق نے کہا کہ بی جے پی کو جمہوری طور پر احتجاج کرنے کا پورا حق حاصل ہے، لیکن اسے پہلے جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کرنے کے اپنے ’’طویل عرصے سے زیر التوا‘‘ وعدے کو پورا کرنا چاہیے۔
صادق نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’ہمیں ریاستی حیثیت دیجیے اور پھر نتائج دیکھیے۔‘‘
حکمران جماعت کے ترجمان اعلیٰ نے بی جے پی سے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام کو بتائے کہ آرٹیکل۳۷۰ کی منسوخی کے بعد کیے گئے وعدے ابھی تک کیوں پورے نہیں کیے گئے۔انہوں نے کہا، ’’یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے جموں و کشمیر کے عوام کو شکست دی۔‘‘
این سی رہنما نے کہا کہ بی جے پی نے وعدہ کیا تھا کہ حد بندی کی مشق مکمل کرنے اور اسمبلی انتخابات کرانے کے بعد جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کردی جائے گی، لیکن اب تک اس وعدے کو پورا نہیں کیا گیا۔
صادق نے دعویٰ کیا کہ تنظیم نو سے قبل جموں و کشمیر نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ اس نے خطے کو ریاست سے گھٹا کر مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنا کر اور اسے دو الگ اکائیوں میں تقسیم کرکے اسے کمزور کردیا۔
ترجمان اعلیٰ نے یہ بھی الزام لگایا کہ مرکز کے پاس کئی اہم معاملات اب بھی زیر التوا ہیں، جس سے منتخب حکومت کے کام کاج پر اثر پڑ رہا ہے۔انہوں نے سوال کیا، ’’ہماری فائلیں اب بھی زیر التوا ہیں۔ ہمارے پاس اب بھی ایڈووکیٹ جنرل نہیں ہے۔ ریزرویشن سے متعلق فائل اب بھی وزارت داخلہ کے پاس ہے۔ وہ یہ معاملات واپس کیوں نہیں کررہے ہیں؟ وہ ایک منتخب حکومت کو کام کرنے کی اجازت کیوں نہیں دے رہے ہیں؟‘‘
بی جے پی پر غیر ضروری رکاوٹیں پیدا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے تنویر صادق نے احتجاج کو ’’ڈراما‘‘ قرار دیا اور کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام ان حالات سے بخوبی واقف ہیں جن کے باعث موجودہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔
صادق نے کہا، ’’جموں و کشمیر کے عوام حقیقت جانتے ہیں۔ جموں و کشمیر میں بی جے پی اور پی ڈی پی کی جانب سے پہنچایا گیا نقصان بے مثال ہے۔‘‘
۔۔۔۔۔










