نئی دہلی// ملک کی راجدھانی دہلی کے مصروف ترین نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ایک خاتون کی سنسنی خیز اجتماعی عصمت دری کے معاملے میں چار لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ پولیس نے ہفتہ کو یہ معلومات دی۔
پولیس نے بتایا کہ ریلوے اسٹیشن پر خاتون کی اجتماعی عصمت دری کرنے والے چاروں ملزمان ستیش کمار، ونود کمار، منگل چند مینا اور جگدیش چند کو گرفتار کیا گیا ہے ، یہ سبھی ریلوے کے محکمہ بجلی کے ملازم ہیں۔ تمام ملزمان کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے ۔
خاتون کی جمعرات کو اجتماعی عصمت دری کی گئی، جس کے بارے میں اس نے جمعہ کی صبح فون پر معلومات دی۔ پولیس کو خاتون پلیٹ فارم نمبر آٹھ نو کے قریب ملی تھی۔ خاتون نے بتایا کہ ایک دوست نے اسے ریلوے میں کام کرنے والے ایک شخص سے ملوایا تھا اور یہ بھی کہا تھاکہ وہ ریلوے میں اس کی نوکری لگاسکتا ہے ۔
خاتون نے بتایا کہ وہ طلاق یافتہ ہے اور نوکری کی تلاش میں تھی۔ اس کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کرنے والوں میں سے ایک اس کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا اور جمعرات کی شب اپنے کی سالگرہ اور نیا مکان خریدنے کی خوشی میں دی گئی پارٹی میں اس نے خاتون کو مدعو کیا۔ اس کے بعد اس نے خاتون کواپنے گھر لے جانے کے لئے کیرتی نگر اسٹیشن سے پک کیا۔ وہ خاتون کو پہلے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم 8-9 پر لے آیا۔ وہاں پہنچ کر اس نے خاتون کو ایک کمرے میں بیٹھ کر انتظار کرنے کو کہا جو بجلی کی مرمت کرنے والے کارکنوں کے لیے تھا۔ یہ کہہ کر وہ وہاں سے چلا گیا۔ کچھ دیر بعد وہ اپنے چار دوستوں کے ساتھ کمرے میں آیا اور اپنے دوست کے ساتھ مل کر خاتون کی باری باری عصمت دری کی۔ اس دوران باقی دو دوست کمرے کے باہر نگرانی کرتے رہے ۔