نئی دہلی// دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ہفتہ کے روز کہا کہ 16 سال سے 35 سال کی عمر کا ہر نوجوان اب روانی سے انگریزی بول سکے گا کیونکہ دہلی حکومت مفت ‘اسپوکن انگلش’ کورس شروع کرنے جا رہی ہے ۔
مسٹر اروند کیجریوال نے کہا کہ یہ کورس مکمل طور پر مفت ہے ، لیکن شروع میں 950 روپے زر ضمانت کے طور پر لیے جائیں گے ، تاکہ ایسا نہ ہو کہ داخلہ لینے والے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اس کورس کو سنجیدگی سے نہ لیں۔ کورس کو کامیابی سے مکمل کرنے اور حاضری پوری کرنے والوں کو 950 روپے واپس لوٹا دیے جائیں گے ۔ اس پہل کے لیے ہم میکس ملن اور ورڈز ورتھ کے ساتھ معاہدہ کر رہے ہیں اور کیمبرج یونیورسٹی پورے کورس کا جائزہ لے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انگریزی کا بنیادی علم رکھنے والے 16 سال سے 35 سال تک کے نوجوان اس میں داخلہ لے سکیں گے اور جو نوکریاں کر رہے ہیں وہ شام یا اختتام ہفتہ میں کورس کر سکیں گے ۔ ہم پہلے مرحلے میں سال اول کے لیے ایک لاکھ اہل نوجوانوں کو انگریزی بولنے کی تربیت دیں گے اور اس کے لیے پوری دہلی میں 50 مراکز کھولے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیکھتے ہیں کہ کس طرح غریب، نچلے متوسط [؟][؟]طبقے اور بہت سے متوسط [؟][؟]طبقے کے نوجوانوں کو انگریزی زبان پر کم دسترس ہوتا ہے اور وہ ٹھیک سے انگریزی نہیں بول پاتے ہیں۔ جس کی وجہ سے انہیں اچھی نوکری حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، ان سب کو اس کورس سے کافی فائدہ ہوگا۔
مسٹر کیجریوال نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دیکھا ہے کہ غریب، نچلے متوسط طبقے اور بہت سے متوسط طبقہ کے نوجوانوں کو انگریزی زبان پر عبور حاصل نہیں ہوتا ہے ، جس کی وجہ سے 16 سال سے 35 سال تک کے نوجوان اپنی زندگی میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔ انہیں نوکری ملنے میں دشواری ہوتی ہے ۔ ان کی بات چیت کی صلاحیتیں کمزور ہو جاتی ہیں۔ دہلی میں تعلیم کے میدان میں زبردست انقلاب آیا ہے ۔ غریبوں کے بچے اب سرکاری سکولوں میں بہترین تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے بچے کسی بھی شعبے میں ان بچوں سے کمزور ہوں جنہیں تمام سہولیات میسر ہیں۔ اس لیے دہلی حکومت نے 16 سال سے 35 سال تک کے نوجوانوں کے لیے بول چال کی انگریزی کا کورس لایا ہے ۔ جن نوجوانوں کی انگریزی کمزور ہے ، ہم ان کی انگریزی کو بہتر بنائیں گے ، انہیں اچھی طرح سے انگریزی بولنا سکھائیں گے اور ان کی بات چیت کی مہارت کو بہتر بنائیں گے ۔