سرینگر/۷؍اگست
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے آج سابق صدر میونسپل کونسل بارہمولہ عمر کاکرو اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کشمیر (سی سی آئی کے) کے ایک وفد نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور مختلف ترقیاتی، تجارتی اور صنعتی امور ان کے سامنے پیش کیے۔
سابق صدر میونسپل کونسل بارہمولہ عمر کاکرو نے ملاقات کے دوران بارہمولہ سے متعلق مختلف ترقیاتی مطالبات پیش کرتے ہوئے خان پورہ سے کنگن پورہ تک قومی شاہراہ کی مرمت، باغِ اسلام ہیلتھ سینٹر کو فعال بنانے، یوتھ ہاسٹل کے قیام، سنتھیٹک ہاکی آسٹرو ٹرف کی تعمیر اور آزاد گنج آسٹرو فٹ بال ٹرف میں سہولتوں میں توسیع کا مطالبہ کیا۔
دریں اثنا، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کشمیر (سی سی آئی کے) کے کنوینر عمر جان وانی کی قیادت میں ایک وفد نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی۔
وفد نے جموں و کشمیر میں کاروبار، صنعت، سیاحت اور تجارتی شعبے کے فروغ سے متعلق متعدد اہم امور اور تجاویز لیفٹیننٹ گورنر کے سامنے پیش کرتے ہوئے ان شعبوں کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
۔۔۔۔۔










