سرینگر؍۱۲ نومبر
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج’کشمیر کے ثقافتی ورثے کی بحالی، تحفظ اور پائیداری‘ کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ قومی سیمینار سے خطاب کیا۔ اس سیمینار کا اہتمام کاکنی بلڈنگ ہیومینٹی کی جانب سے کیا گیا تھا۔
اس موقع پر مرکزی وزیر برائے ثقافت و سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت نے بھی ورچوئل ذرائع سے شرکت کی۔
سیمینار میں شریک منتظمین، دانشوروں، ماہرین تعلیم، منتظمین، فنکاروں، سابق فوجی افسران، فوجی اہلکاروں اور شہریوں کو مبارک باد دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ثقافتی ورثہ وہ بیش قیمت سرمایہ ہے جو ہمیں فلسفیوں، سنتوں، ہنرمندوں، ادیبوں اور مفکرین کی نسلوں سے ملا ہے، جنہوں نے اپنے علم اور تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے انسانیت کو مالا مال کیا۔
سنہا نے زور دیا کہ موجودہ نسل کی ذمہ داری صرف اس ورثے کو سراہنے تک محدود نہیں بلکہ اسے محفوظ بنانے، منظم کرنے، دستاویزی شکل دینے اور معاشرے کے لیے زیادہ قابل رسائی بنانے کی بھی ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے تہذیبی ورثے کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رکھنے کی اجتماعی ذمہ داری پر زور دیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر صرف اپنی قدرتی خوبصورتی کے لیے ہی معروف نہیں بلکہ فلسفے، روحانیت، زبان، جمالیات اور انسانی فکر کے میدان میں بھی اس خطے کی نمایاں خدمات رہی ہیں۔
آچاریہ ابھینو گپت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس عظیم فلسفی نے روحانی تجربے، فن اور فکری جستجو کے درمیان ہم آہنگی کی بہترین مثال پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے عظیم مفکرین اور دانشوروں کی غیر معمولی خدمات سے روشناس کرانا ضروری ہے۔
ایل جی نے کہا، ’’اس سرزمین کی ہر یونیورسٹی، ہر استاد اور ہر ثقافتی ادارے کو اہم متون کے تراجم، تحقیقی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور دانشوروں و طلبہ کو مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔ میرا ماننا ہے کہ ثقافتی ورثہ زندہ ہونا چاہیے، اسے مکالمہ کرنا چاہیے اور نئی نسل کی رہنمائی کرنی چاہیے۔‘‘
ثقافت کو ہر معاشرے کی بنیاد قرار دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ برادریاں اپنی تاریخ اور ورثے کی گہری سمجھ بوجھ سے اعتماد اور خود اعتمادی حاصل کرتی ہیں۔ انہوں نے قدیم مذہبی مقامات، مخطوطات، عجائب گھروں اور ثقافتی اداروں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے شناخت کو مضبوط بنانے اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر میں ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے کیے گئے اہم اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں تاریخی یادگاروں کی بحالی، قدیم ریکارڈ کو جدید خطوط پر استوار کرنے، آثارِ قدیمہ پر تحقیق اور ثقافتی بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ذریعے ورثے کی بحالی کے منصوبوں پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پہلے دو مراحل کے تحت۱۰۶ ثقافتی ورثے کے منصوبوں پر تحفظ کا کام شروع کیا گیا ہے، جن میں سے۴۰ سے زائد منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ تیسرے مرحلے کے تحت۳۲۱ منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں سے۳۱۲ کو انتظامی منظوری مل چکی ہے۔
جموں اور سری نگر کے آرکائیوز میں تاریخی ریکارڈ کو ڈیجیٹل شکل دینے کا کام بھی جاری ہے۔ اب تک تقریباً۹۶ء۸ لاکھ صفحات کو ڈیجیٹل بنایا جا چکا ہے، جو دستیاب دستاویزات کا تقریباً۶۸ فیصد ہے۔
مشن گیان بھارتَم کے تحت کیے گئے سروے میں۴۳ ہزار مخطوطات کی نشاندہی کی گئی ہے اور انہیں ڈیجیٹل شکل دینے کا عمل بھی مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سری نگر میں صوفیانہ اسکول سے متعلق جاری کام، جموں میں ابھینو تھیٹر اور کلا کیندر کو جدید خطوط پر استوار کرنے، مبارک منڈی کی بحالی اور ضلع بارہمولہ میں حال ہی میں دریافت ہونے والے کشان دور کے بدھ مت کے آثار پر تحقیق کا بھی ذکر کیا۔
ضلع گاندربل میں ناراناگ ہیریٹیج کمپلیکس کے حوالے سے لیفٹیننٹ گورنر نے کاکنی بلڈنگ ہیومینٹی کی جانب سے تحقیق اور دستاویزات مرتب کرنے کے اقدامات کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ ضروری ضابطہ جاتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد وہاں تحفظ اور بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔
سنہانے ہرمکھ گنگ بل یاترا سے متعلق کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے اسے خطے کی دیرینہ ثقافتی اور روحانی روایات کی علامت قرار دیا۔انہوں نے کہا، ’’میرا ماننا ہے کہ ناراناگ اپنی ایک منفرد تاریخی اور روحانی اہمیت رکھتا ہے، جہاں عقیدہ، جغرافیہ اور اجتماعی یادیں گہرے طور پر ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔ اسی لیے مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ کاکنی بلڈنگ ہیومینٹی نے انڈین ہیریٹیج انسٹی ٹیوٹ میں ایک چیئر بھی قائم کی ہے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر میں تمام مذاہب کے لیے ہم آہنگی اور یکساں احترام کی ایک طویل روایت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر برادری کے ثقافتی ورثے کو پوری حساسیت اور احترام کے ساتھ محفوظ رکھا جانا چاہیے۔
ایل جی نے کہا، ’’یوگنی للیشوری اور نند رشی کے واخان آج بھی صدیوں بعد لوگوں کے دلوں تک پہنچتے ہیں کیونکہ ان کے کلام میں ایسی ابدی سچائیاں موجود ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ بھی متاثر نہیں ہوتیں۔ ہم آہنگی کی اس روایت کو محفوظ رکھنا ہم سب کی اجتماعی عوامی ذمہ داری ہے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کی کشمیر کے ادبی، روحانی اور ثقافتی ورثے میں خدمات انمول ہیں اور ان کی باوقار واپسی سے وادی کے مکمل سماجی اور ثقافتی تانے بانے کی بحالی میں مدد ملے گی۔
سنہا نے محکمہ آرکائیوز، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر، دانشوروں، آرکائیوسٹس، عجائب گھروں سے وابستہ ماہرین اور ثقافتی ورثے کے تحفظ سے جڑے تمام متعلقین کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے سابق فوجی افسران اور سماجی تنظیموں کی جانب سے ثقافتی تحفظ اور قوم کی تعمیر کے لیے مسلسل دی جانے والی خدمات کی بھی ستائش کی۔
۔۔۔۔۔(ویب ڈیسک)










