سرینگر//
وادی کشمیر کو ملک کو باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی۲۷۰کلو میٹر طویل سرینگر‘ جموں قومی شاہراہ پر جمعے کے روز یک طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی۔
ٹریفک حکام کے مطابق جمعے کے روز پہلے قومی شاہراہ کے مختلف مقامات پر درماندہ گاڑیوں اور یاتریوں کی گاڑیوں کو کشمیر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے ۔بتادیں کہ قومی شاہراہ رام بن میں موسلا دھار بارشوں سے چٹانیں کھسک آنے کے باعث بدھ کی شام کو ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دی گئی تھی۔
حکام نے بتایا کہ رام بن میں مہاد کے مقام پر قومی شاہراہ کو، رک رک چٹانیں کھسک آنے کے بیچ، صاف کر دیا گیا اور یک طرفہ ٹریفک کو کشمیر کی طرف جانے کی اجازت دی گئی ہے ۔
حکام نے کہا کہ فی الوقت شاہراہ پر درماندہ گاڑیوں اور یاتریوں کی درماندہ گاڑیوں کو ہی کشمیر کی طرف جانے کی اجازت ہے ۔حکام کا کہنا تھا کہ خراب موسمی صورتحال کے باعث جمعے کو جموں سے یاتریوں کے قافلے کو کشمیر کی طرف روانہ ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ٹریفک حکام نے کہا کہ تاہم چندر کوٹ یاتری نواس پر درماندہ یاتریوں کو پوتر گھپا کی طرف جانی اجازت ہوگی۔