ایجنسیاں
سرینگر؍۲۵ جولائی
حالیہ شدید بارشوں کے باعث ضروری مرمت اور بحالی کے کاموں کے پیش نظر شری امرناتھ جی یاترا عارضی طور پر صرف بالتل راستے سے جاری رکھی جائے گی، جبکہ پہلگام راستہ فی الحال یاتریوں کے لیے بند رہے گا۔
ڈویژنل کمشنر کشمیر انشول گرگ نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں پہلگام راستے پر کئی مقامات پر مرمت اور بحالی کے فوری کام کی ضرورت پیش آئی ہے۔ یاترا کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے بالتل راستے پر یاتریوں کی محفوظ اور ہموار آمدورفت کے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’حالیہ بارشوں کے باعث شری امرناتھ جی یاترا کے پہلگام راستے پر فوری مرمت اور دیکھ بھال کے کام انجام دینا ناگزیر ہو گیا ہے۔ اس دوران یاترا بالتل راستے سے جاری رہے گی، جہاں یاتریوں کی سہولت، سلامتی اور ہموار سفر کو یقینی بنانے کے لیے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔‘‘
ڈویژنل کمشنر نے بتایا کہ آج تک رواں سال کی امرناتھ یاترا کے دوران۳ لاکھ۹۵ ہزار سے زائد یاتری مقدس امرناتھ غار میں بابا برفانی کے درشن کر چکے ہیں، جو یاترا کے پُرامن اور کامیاب انعقاد کا مظہر ہے۔










