نئی دہلی//کانگریس نے کہا ہے کہ پارٹی صدر سونیا گاندھی نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) سے پوچھ گچھ ختم کرنے کی درخواست نہیں کی، لیکن ای ڈی نے انہیں گھر جانے کی اجازت دی اور اگلے ہفتے انہیں بلایا ہے ۔
کانگریس کے میڈیا شعبہ کے سربراہ جے رام رمیش نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ محترمہ گاندھی چاہتی ہیں کہ جلد از جلد انکوائری مکمل کی جائے لیکن ای ڈی کے عہدیداروں نے کہا کہ وہ جمعہ کو مصروف ہیں اس لئے پوچھ گچھ کل نہیں ہوگی اور اب انہیں دوبارہ اگلے ہفتے پیر یا منگل کو بلایا جاسکتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ گاندھی نہیں چاہتی تھیں کہ وہ اپنی پوچھ گچھ مکمل کیے بغیر آج واپس آئیں، اس لیے انھوں نے افسران سے کہا کہ وہ کل بھی آسکتی ہیں تاکہ معاملے کو جلد ختم کیا جا سکے ، لیکن حکام نے انھیں بتایا کہ اب معاملے کی اگلے ہفتے سماعت ہوگی۔
مسٹر رمیش نے کہا کہ یہ خبریں کہ انہوں نے ای ڈی سے گھر جانے کی درخواست کی ہے بالکل بے بنیاد ہے ۔ انہوں نے ایک نیوز ایجنسی کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ایجنسی نے ذرائع کی مدد سے بے بنیاد خبریں چلائی ہیں۔