بی جے وائی ایم کا بے روزگاری کے
مسئلے پر این سی حکومت کے خلاف احتجاج
ایجنسیز
جموں؍۴جون
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی یوتھ ونگ بھارتیہ جنتا یووا مورچہ (بی جے وائی ایم) نے جمعرات کو جموں میں عمر عبداللہ کی قیادت والی نیشنل کانفرنس حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حکومت تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ایک لاکھ نوکریاں فراہم کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔
بی جے وائی ایم کے صدر ارون پربھات کی قیادت میں بڑی تعداد میں پارٹی کارکن کچی چھاؤنی میں جمع ہوئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے اس دوران وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا پتلا بھی نذرِ آتش کیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ارون پربھات نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے اپنے۲۰۲۴ کے انتخابی منشور میں ایک لاکھ نوکریاں فراہم کرنے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن حکومت ان وعدوں کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام رہی ہے۔
پربھات نے الزام لگایا کہ حکومت نے بے روزگار نوجوانوں کی امیدوں اور توقعات کے ساتھ دھوکہ کیا ہے اور خالی آسامیوں کو پُر کرنے کے بجائے تقریباً دو برس سے خالی پڑی اسامیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پربھات نے حالیہ سرکاری حکم نامے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے کفایت شعاری کے نام پر طویل عرصے سے خالی پڑی آسامیوں کو سرنڈر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ بھی واضح کیا ہے کہ ایسی آسامیوں کو دوبارہ بحال نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا ’’اس فیصلے کے ذریعے حکومت نے نوجوانوں کے روزگار کے خوابوں کا عملاً گلا گھونٹ دیا ہے‘‘، اور اس اقدام کو افسوسناک اور نوجوان دشمن قرار دیا۔
بی جے وائی ایم رہنما نے دعویٰ کیا کہ نیشنل کانفرنس کے اقتدار سنبھالنے کے تقریباً دو سال بعد بھی بے روزگاری ایک سنگین مسئلہ بنی ہوئی ہے، جس کے باعث تعلیم یافتہ نوجوان مایوسی اور بے چینی کا شکار ہیں۔
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ حکومت نوجوانوں پر تو کفایت شعاری مسلط کر رہی ہے، لیکن اپنی انتظامی اخراجات، پروٹوکول اور دیگر سرکاری مصارف میں اضافہ کر رہی ہے۔
پربھات نے کہا کہ نوجوان حکومت کو اس کے انتخابی وعدے یاد دلانے کے لیے سڑکوں پر نکلے ہیں اور خبردار کیا کہ جب تک خالی آسامیوں کو منجمد اور ختم کرنے کا فیصلہ واپس نہیں لیا جاتا اور روزگار کے مناسب مواقع فراہم نہیں کیے جاتے، بی جے پی کی یوتھ ونگ اپنی احتجاجی تحریک جاری رکھے گی۔
مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ نیشنل کانفرنس حکومت نے نوجوانوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے اور مطالبہ کیا کہ خالی آسامیوں کو منجمد اور سرنڈر کرنے سے متعلق حکم نامہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔










