سرینگر//
فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ(ایف اے اے ) امتحانات میں کامیاب قرار دئے گئے اُمیدواروں نے سرینگر اور جموں میں چھٹے روز بھی احتجاجی مظاہرئے کئے ۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے پیر کے روز بتایا کہ معاملے کی تحقیقات ہو رہی ہے اور ملوثین کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
یو این آئی اردو نامہ نگار نے بتایا کہ فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ امیدواروں نے منگل کو چھٹے روز بھی سرینگر اور جموں میں احتجاجی مظاہرئے کئے ۔
مظاہرین نے بتایا کہ سرکار کی جانب سے ٹویٹ تو سامنے آیا ہے لیکن کس کے خلاف کارروائی ہوگی یہ نہیں بتایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن امیدواروں نے دھاندلیاں کی ہیں اُن کے خلاف ہی کارروائی عمل میں لائی جائے نہ کہ سبھی امیدواروں کو اس کی سزا دی جائے ۔
اُن کے مطابق پچھلے پانچ سال سے طلبا امتحانات کی تیاری کر رہے تھے لیکن اب یہ کہا جارہا ہے کہ سلیکشن لسٹ کو ہی منسوخ کیا جائے جو سراسر نا انصافی ہے ۔
امیدواروں نے مزید کہا کہ سرکار کو سب سے پہلے بھرتی ایجنسی کے ذمہ داروں اور اُن آفیسران کے خلاف کارروائی عمل میں لانی چاہئے تھی جنہوں نے دھاندلیاں کی ہیں۔
مظاہرین کے مطابق ابھی تک کسی بھی ایک آفیسرکو گرفتار یا پوچھ تاچھ کی خاطر طلب نہیں کیا گیا بلکہ امیدواروں کو ہی سزا دی جارہی ہیں۔
کامیاب قرار دئے گئے امیدواروں نے بتایا کہ ہمارا قیمتی وقت کون دے گا اور جن لوگوں نے محنت کرکے امتحا ن میں کامیابی حاصل کی وہ کہاں جائیں گے ۔
واضح رہے کہ فائنانس اکاؤنٹ اسسٹنٹ امتحانات میں بھی بڑے پیمانے پر دھاندلیوں کی شکایت کے بعد جموں وکشمیر سرکار نے اسکی تحقیقات شروع کی ہے ۔
بعض میڈیا رپورٹوں کے مطابق ایس آئی امتحانات میں دھاندلیوں کے ذریعے کامیاب قرار دئے گئے اُمیدواروں کا نام بھی فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ لسٹ میں آیا ہے جس سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ایف اے اے امتحانات میں بھی دھاندلیاں ہوئی ہیں۔