ڈھاکہ// ویسٹ انڈیز میں ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کرنا ’’خاص‘‘ تھا لیکن بنگلہ دیش ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے ٹیم سے کہا ہے کہ وہ زیادہ پھولے نہ سمائے۔ ان کے مطابق ویسٹ انڈیز کی پچ پر "اسپنرز کے لیے کافی مدد کی” جو ہر سیریز میں نہیں ہونے والی ہے۔
تمیم نے ای ایس پی این کرک انفوکو بتایا، "کوئی بھی سیریز جیتنا ہمیشہ خاص ہوتا ہے۔ ہم نے جنوبی افریقہ میں جو سیریز جیتی وہ بھی بہت خاص تھی۔ ویسٹ انڈیز میں جیتنا ہمارے لیے ایک بڑی کامیابی ہے لیکن اس سے ہمیں زیادہ خوش نہیں ہونا چاہیے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ‘ہم نے ایسے حالات میں جیت حاصل کی جہاں اسپنرز کو بہت مدد ملی تھی، آپ کو اس طرح کی مدد اس وقت نہیں ملتی جب ہم بیرون ملک جاتے ہیں یا گھر میں سیریز کھیلتے ہیں۔ ہمیں آگے مزید مشکل چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
بنگلہ دیش ویسٹ انڈیز میں ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد بیک فٹ پر تھا لیکن ون ڈے سیریز جیت کر اپنے دورے کا مثبت اختتام کیا۔ بنگلہ دیش اب تمیم کی قیادت میں لگاتار پانچ ون ڈے سیریز جیت چکا ہے۔
تمیم کو اس سیریز میں مجموعی طور پر 117 رنز بنانے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تمیم نے کہا کہ وہ بطور کپتان چاہتے تھے کہ ان کا پلان اے کارگرثابت نہ ہو اور وہ پلان بی کے ساتھ آگے بڑھیں۔ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ یہ میرے لیے سیکھنے کا عمل ہے۔ جب میں آئرلینڈ اور زمبابوے جاتا ہوں تو مجھے مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ میں جس طرح سے منصوبہ بناتا ہوں ، اگر وہ کام نہیں کرتا تو میں پلان بی پر عمل درآمد کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ یہی میری کپتانی کی پختگی کی پہچان ہوتی ہے۔”
"ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کے بعد یہ چیلنجنگ تھا لیکن مجھے ٹیم میں زیادہ محنت نہیں کرنی پڑی۔ ہر کوئی جیتنا چاہتا تھا۔ ہم نے سوچا کہ ہم ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی میں زیادہ مقابلہ کریں گے۔ تاہم نتیجہ ہمارے حق میں نہیں نکلا۔ اس لیے تمام کھلاڑیوں میں ون ڈے سیریز جیتنے کی خواہش بڑھ گئی۔”
بنگلہ دیش نے یہ ون ڈے سیریز شکیب الحسن اور مشفق الرحیم کی غیر موجودگی میں کھیلی۔ اس کے علاوہ محمد سیف الدین اور یاسر علی بھی ٹیم میں موجود نہیں تھے۔