کراچی//
پاک انگلینڈ سیریز سے قبل انگلش کرکٹ بورڈ کے 4 رکنی سیکیورٹی وفد نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ستمبر میں دورہ پاکستان کے سلسلے میں گزشتہ شب اسلام آباد سے کراچی پہنچنے والے وفد نے سیکیورٹی انتظامات سمیت دیگر اقدامات کا جائزہ لیا، کرکٹ آپریشنز کے اہلکاروں رچرڈ سنوبال و رابرٹ لینچ، سیکیورٹی کنسلٹنٹ رگ ڈکسن اور پلئیرزایسوسی ایشن کے نمائندہ جون کیر پر مشتمل وفد نے نیشنل اسٹیڈیم کی عمارت کے مختلف حصوں بشمول میڈیا سینٹر، گراؤنڈ اور اطراف میں حفاظتی انتظامات کو پرکھا۔
ارکان نے مختلف مقامات کی تصاویر بھی بنائیں، وفد کو کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں سندھ حکومت کے محکمہ داخلہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
وفد نے نیشنل اسٹیڈیم سے کراچی ایئرپورٹ تک کے روٹ کا جائزہ بھی لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، اس موقع پر سیکیورٹی وفد نے بعض تجاویز بھی دیں، بعد ازاں وفد ملتان پہنچ گیا، بدھ کو وفد ملتان اسٹیڈیم کا دورہ کرے گا، بعد ازاں اس کی لاہور روانگی طے ہے۔
وفد کی رپورٹ کی روشنی میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا حتمی فیصلہ ہوگا۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی، دورہ میں دونوں ممالک کے درمیان ٹی ٹوینٹی سیریز میں 7 میچز کھیلے جائیں گے۔