ایجنسیز
سرینگر؍۶مارچ
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ایک کمزور مغربی ہوا کی لہر کے زیر اثر وادی کشمیر میں۱۰مارچ سے۱۲مارچ تک ہلکی برف و باراں کا امکان ہے جبکہ۷ سے ۱۲مارچ تک درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ ہوسکتی ہے۔
محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں ۶مارچ کو موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ ۷سے ۹ارچ تک موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس کے بعد ایک کمزور مغربی ہوا کی لہر کے زیر اثر۱۰سے۱۲مارچ تک وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ۱۳سے۱۵مارچ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد میں۱۶سے۱۷مارچ تک ایک بار پھر موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ وادی میں۷سے۱۲مارچ تک درجہ حرارت میں۳سے۵ڈگری سینٹی گریڈ کی گراوٹ ریکارڈ ہوسکتی ہے۔کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ زرعی آپریشنز جاری رکھ سکتے ہیں۔
دریں اثنا وادی کے بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت۴سے۷ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی میں کشمیر سیاحتی مقام پہلگام سرد ترین علاقہ رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت۳ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت۳ء۴ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں شبانہ درجہ حرارت۶ء۶ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۴ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے










