تحریر:ہارون رشید شاہ
تو صاحب خبر یہ ہے کہ کانگریس پارٹی نے جموں کشمیر میں دھڑہ بندی کو ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے… کانگریس پارٹی کے ملک کشمیر میں جو کئی ایک دھڑے ہیں‘ ان سب دھڑوں نے ایک ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے اور… اور اس لئے کیا ہے کیونکہ افواہ ہے کہ ملک کشمیر میں کچھ ماہ کے اندر الیکشن ہونے والے ہیں… دوسرے الفاظ میں کانگریس پارٹی کے متحارب دھڑوں میں اتحاد و اتفاق اس لئے ہوا ہے کیونکہ الیکشن ہونے والے ہیں… اور کانگریس کا جاننا اور ماننا ہے کہ متحدہ ہو کر الیکشن لڑنے سے اسے فائدہ ملے گا… یہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ سکتی ہے ۔ صاحب !اب آپ ہی بتائیے کہ ہم کہیں تو کیا کہیں کہ… کہ اللہ میاں کی قسم ہماری سمجھ میں کچھ نہیں آرہا ہے اور… اور بالکل بھی نہیں آرہا ہے… یہ سمجھ نہیں آرہا ہے کہ کس احمق نے کانگریس پارٹی کو یہ خواب دکھایا ہے کہ متحدہ ہو کر الیکشن لڑنے سے یہ الیکشن جیت سکتی ہے… اللہ میاں کی قسم اس سے بے ہودہ مذاق اور کوئی نہیں ہو سکتا ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہو سکتا ہے ۔ہمیں ملک کشمیر میں کانگریسی دھڑوں کے اختلافات کو ختم کرکے ایک ساتھ کام کرنے کے ’عہد‘ پر کوئی اعتراض نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے کہ … کہ ہمیں اگر کسی بات پر اعتراض ہے تو… تو اس ایک بات پر کہ کانگریس اب بھی الیکشن جیتنے کے خواب دیکھ رہی ہے… ہمیں اس پر یقینا اعتراض ہے اور اس لئے ہے کہ کانگریس نے سبق نہیں سیکھا ہے… یہ سبق نہیں سیکھا ہے کہ اب یہ الیکشن جیت نہیں سکتی ہے… یقینا ایک زمانے میں یہ الیکشن جیت جاتی تھی‘ لیکن صاحب وہ قصہ ٔ پارینہ ہے اور…اور یہ بات بھی سچ ہے کہ جب کانگریس الیکشن جیت جاتی تھی تب مودی تھا اور نہ امیت بھائی شاہ تھا… اب مودی ہے اور امیت بھائی شاہ بھی ہے اور… اور گزشتہ ۸ برس اگر کسی بات کی چغلی کھا رہے ہیںتو… تو صرف اس ایک بات کی کہ … کہ کانگریس چاہے کچھ بھی کرے … تمام ریاستوں میں دھڑہ بندی ختم کرے متحدہ ہو کر الیکشن لڑے تب بھی یہ الیکشن جیت نہیں سکتی ہے… ملک کشمیر میں اور… اور نہ کسی اور ریاست میں کہ … کہ کانگریس کا دور گیا ‘کانگریس کا زمانہ چلا گیا … یہ دور مودی کا ہے‘ امیت بھائی شاہ کا ہے… بھارتیہ جنتا پارٹی ہے اور… اور سو فیصد ہے ۔ ہے نا؟