سرینگر: سرینگر کے ڈاگ پورہ علاقے میں ہفتے کی صبح ایک سڑک حادثے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے سات اہلکار زخمی ہو گئے۔
حکام نے بتایا کہ سری نگر کے احمد نگر کے ڈاگپورہ عمر ہیر روڈ پر ہفتے کی صبح سی آر پی ایف کی ایک گاڑی سڑک سے لڑھک کر نہر میں جاگری جس کے نتیجے میں کم سے کم ۷؍اہلکار زخمی ہوگئے۔
حکام نے کہا کہ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد گاڑی کو پانی سے نکالنے کے لئے آپریشن شروع کر دیا گیا۔
دریں اثنارام بن کے بانہال علاقے میں ریلوے چوک کے قریب ایک نجی کار حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ایک گاڑی جموں سے سرینگر کی جانب جا رہی تھی کہ مصروف شاہراہ جنکشن کے قریب ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگ اور پولیس موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ تمام زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔










