سرینگر//
جنوبی ضلع اسلام آباد کے بجبہاڑہ علاقے میں جمعرات اعلیٰ الصبح سڑک کے ایک حادثے میں آف ڈیوٹی پولیس اہلکار ہلاک جبکہ اُس کا ساتھی شدید طورپر زخمی ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ زر پارہ بجبہاڑہ کے نزدیک لوڈ کیئریر اور موٹر سائیکل کے درمیان ٹکر ہوئی جس وجہ سے موٹر سائیکل پر سوار دو آف ڈیوٹی پولیس اہلکار زخمی ہوئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر فوری طورپر نزدیکی ہسپتال پہنچایا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے ایک پولیس اہلکار کو مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت طاریق احمد آہنگر ساکن ویری ناگ کے بطور ہوئی ہے ۔حادثے میں زخمی ہوئے پولیس اہلکار کی پہچان اشفاق احمد آہنگر ساکن نو پورہ ڈورو کے بطور کی گئی۔
پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔
دریں اثنا جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے قاضی گنڈ علاقے میں جمعرات کو ایک سڑک حادثے میں کم سے کم ۲۰یاتری زخمی ہوگئے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ قاضی گنڈ کے بدرا گنڈ علاقے میں جمعرات کو ایک ڈمپر اور یاتریوں کی گاڑی کے درمیان سرینگر،جموںشاہراہ پر ٹکرہوگئی جس کے نتیجے میں کم سے کم بیس یاتری زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے کہا کہ یاتریوں میں سے۱۸یاتریوں کو معمولی چوٹیں لگی ہیں جبکہ دو یاتری شدید زخمی ہوگئے ہیں جنہیں علاج و معالجے کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے قانونی کارروائیاں شروع کی ہیں۔