سرینگر: کشمیر میں رمضان المبارک کی خرید و فروخت کی رونقیں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ وادی بھر کی منڈیاں اس تیاری میں رواں دواں ہیں کہ مسلمان ماہ صیام کا استقبال کریں جس کے جمعرات سے شروع ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔
چاند نظر آنے پر منحصر اس مقدس مہینے کے امکانی آغاز (جمعرات) سے قبل وادی میں کھجوروں اور دیگر خشک میوہ جات کی فروخت میں تیزی آگئی ہے۔
ہر سال کی طرح رحمتوں والے مہینے کی آمد سے پہلے کے دنوں میں منڈیوں نے تہوار کا سا منظر پیش کیا، جہاں خاندان سحری و افطار کے لئے ضروری اشیاء خریدنے نکل پڑے۔
سرینگر میں خاص طور پر خشک میوہ جات کی دکانوں پر گاہکوں کی بھیڑ دیکھی گئی۔
لوگوں نے اس مقدس مہینے کے لئے ذخیرہ اندوزی شروع کر دی جو عید الفطر کے جشن پر اختتام پذیر ہوتا ہے، جس کی وجہ سے کھجوروں اور بادام، منقہ، کاجو، اخروٹ اور انجیر جیسے دیگر خشک میوہ جات کی بھاری مانگ ہے۔
سرینگر کے مہاراج بازار میں خشک میوہ جات فروخت کرنے والے دکاندار پرویز احمد نے کہا’’پچھلے دو دنوں میں کھجوروں کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ ہمارے پاس تقریباً۳۰مختلف اقسام کی کھجوریں دستیاب ہیں اور مزید آرہی ہیں‘‘۔
مسلمان عموماً رمضان میں دن بھر کے روزے کھجوروں سے افطار کرتے ہیں، جو مذہبی اعتبار سے بہت اہمیت رکھتی ہیں۔تاہم، حالیہ دنوں میں افطار کے دسترخوان پر نمکین، پھل اور میٹھے جیسی کئی دیگر اشیاء بھی شامل ہو گئی ہیں۔
ایک اور دکاندار عمر معراج نے کہا’’کھجوریں رمضان کا ایک اہم حصہ ہیں کیونکہ انہیں بابرکت سمجھا جاتا ہے۔ لہٰذا، سال کے اس وقت ان کی فروخت بڑھ جاتی ہے‘‘۔
معراج نے مزید کہا کہ مارکیٹ میں کھجوروں کی وسیع اقسام دستیاب ہیں، جن میں کلامی، عجوہ، صفوی، مرغوب اور میڈجول شامل ہیں، جو تیزی سے فروخت ہو رہی ہیں۔
ان کاکہنا تھا’’سعودی عرب کے علاوہ، ہمارے پاس تیونس، الجزائر اور ایران سے بھی کھجوریں آتی ہیں۔ آج کل گاہک اپنی ضرورت سے بخوبی واقف ہیں۔ نرخ مختلف ہوتے ہیں کیونکہ کھجور کی ہر قسم کے معیار اور سائز کے لحاظ سے کئی درجے ہوتے ہیں‘‘۔
منگل کو وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے رمضان المبارک کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کی، جس میں متعلقہ محکموں کو عوام الناس کی سہولت کے لیے فعال اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے تمام متعلقہ افراد کو عوامی خدمات کی ہموار فراہمی، شکایات کے موثر ازالے اور عبادت گاہوں میں ضروری انتظامات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی تاکہ عوام کا رمضان پرامن گزرے۔
حکام کے مطابق، پولیس ٹیموں نے ریونیو اور فوڈ سیفٹی اہلکاروں کے ہمراہ مقدس مہینے سے قبل وادی بھر کی منڈیوں میں بڑے پیمانے پر معائنہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حفظان صحت، معیار، ریٹ لسٹ اور زیادہ قیمت وصول کرنے کے حوالے سے کرانہ کی دکانوں، دکانداروں، گوشت فروشوں اور بیکریوں کی جانچ پڑتال کی گئی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔










