چار اسمگلر گرفتار
امرتسر، 27 جنوری (یو این آئی) پنجاب میں امرتسر کمشنریٹ پولیس نے سرحد پار سے منشیات اور اسلحہ اسمگل کرنے والے ایک ماڈیول کا پردہ فاش کیا ہے ۔ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل گورو یادو نے منگل کے روز بتایا کہ اس ماڈیول کے چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے قبضے سے ڈیڑھ کلوگرام ہیروئن، دو جدید پستول، 34 کارتوس اور اسمگلنگ سے حاصل شدہ 1.98 لاکھ روپے برآمد کیے گئے ہیں۔
ڈی جی پی نے کہا کہ ابتدائی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ ملزمین بیرونِ ملک بیٹھے اپنے ہینڈلر کے ساتھ مل کر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان میں بیٹھے اسمگلروں کے رابطے میں ہیں۔ ان کی ہدایات پر غیر قانونی اسلحے اور ہیروئن کی کھیپ حاصل کی جاتی ہے اور بعد ازاں پنجاب میں مختلف مقامات پر سپلائی کی جاتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں سول لائنز، امرتسر تھانے میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور اس میں ملوث تمام افراد کے روابط کا سراغ لگانے کے لیے تفتیش جاری ہے ۔










