دوبئی/انگلینڈ پر 10 وکٹوں کی زبردست جیت کے بعد ہندوستان نے پاکستان کو پیچھے چھوڑ کر ون ڈے رینکنگ میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ ہندوستان کے اب 108 رینکنگ پوائنٹس ہیں جو پاکستان (106 پوائنٹس) سے دو پوائنٹ زیادہ ہیں۔ تاہم ہندوستان کو اس برتری کو برقرار رکھنے کے لیے سیریز کے دو میں سے کم از کم ایک میچ جیتنا ہوگا۔ نیوزی لینڈ 126 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور انگلینڈ 122 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز 3-0 سے جیتنے کے بعد پاکستان ہندوستان کو پیچھے چھوڑ کر تیسرے نمبر پر آگیا تھا۔ ہندوستان کو اگلے 15 دنوں میں انگلینڈ کے خلاف دو اور ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے کھیلنے ہیں۔ اس طرح وہ اپنی برتری میں مزید اضافہ کرسکتا ہے۔
تاہم اس دوران وراٹ کوہلی کی فٹنس پر سوالات اٹھ رہے ہیں اور پہلے میچ میں غیر حاضری کے بعد ان کا لارڈز ون ڈے میں بھی کھیلنا مشکوک ہے۔ ران کے پٹھوں میں کھنچاؤ کی وجہ سے وہ اوول ون ڈے نہیں کھیل پائے تھے۔ بی سی سی آئی کے مطابق ناٹنگھم میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران انہیں یہ کھینچاؤ آیاتھا۔
اوول ون ڈے کے بعد پریس کانفرنس میں جب پلیئر آف دی میچ جسپریت بمراہ سے کوہلی کی انجری کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ کوہلی کی انجری ابھی کیسی ہے اور وہ کب تک اس سے ٹھیک ہو جائیں گے۔ اس کے بعد ہندوستان کو ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنا ہے، حالانکہ کوہلی اس دورے کی ون ڈے سیریز کا حصہ نہیں ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے ٹیم کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔