نہیں صاحب ہم کچھ نہیں کہیں گے ‘ بالکل بھی نہیں کہیں گے …….ہم خاموش رہیں گے ‘ چپ رہیں گے …….اس لئے نہیں کہ ہمیں بات کرنا نہیں آتی ‘ نہیں صاحب ایسی کوئی بات نہیں بلکہ اس لئے کہ ……. کہ اب بات کرنے کو رہ ہی کیا گیا ہے …….کہتے ہیں کہ جب جنگل میں سامنے شیر ہو تو بے چارے انسان کو کچھ نہیں کرنا ہے……. جو کرنا ہے وہ شیر کو ہی کرنا ہے اور ……. اور وہ کرتا ہے …….بے چارے انسان کی چیر پھاڑ کرتا ہے …….ایسا ہی کچھ چلہ کلاں کا ہمارے اور…….اورآپ کے ساتھ ……. پورے کشمیر کا معاملہ ہے…….ہمیں تو کچھ کہنا نہیں ہے‘ بالکل بھی نہیں ہے …….جو کہنا ہے……. کہنا کیا کرنا ہے ‘ چلہ کلان کو کرنا ہے اور……. اور اللہ میاں کی قسم وہ کررہا ہے …….کہ جمعہ کی صبح اپنے اس شہر خستہ میں شبانہ درجہ حرارت منفی۶ ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا تھا…….اور مزید یہ کتنا گر جائےگا ہمیں نہیں معلوم لیکن اس کی گراوٹ کاسفر جاری ہے……. اللہ میاں کی قسم ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوتا ……. بالکل بھی نہیں ہو تا اگر گراوٹ کا سفر یونہی جاری رہتا لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہمیں تھوڑی بہت……. زیادہ نہیں ‘ بالکل بھی نہیں بلکہ تھوڑ بہت بارشیں اور برفباری بھی نصیب ہو تی ……. لیکن ایسی ہماری قسمت کہاں کہ ……. کہ جب چلہ کلان کی انٹری ہو ئی تو……. تو وہ خشک نہیں تھی ‘ بالکل بھی نہیں تھی …….اس نے اپنے ساتھ بارشیں اور برفباری بھی لائی …….ہم نے اس وقت بھی کہا تھا ‘ اس سے التجا کی تھی کی صاحب ہم امید کرتے ہیں کہ یہ جو آپ نے آتے آتے اپنے ساتھ برف لائی وہ صرف ٹریلر ہو……. پوری فلم نہ ہو …….پوری فلم ہمیں چلہ کلاں کے بقیہ ایام میں دکھانے کی ہم نے ان سے درخواست کی تھی…….ایسی درخواست‘ لگتا ہے جسے ان صاحب نے مسترد کی…….کہ چلہ کلاں کا نصف عرصہ ختم ہو گیا ہے …….اب صرف ۲۰ دن کے آس پاس بچے ہیں اور کہنے والوں کاکہنا ہے کہ ان بچے کھچے ایام میں بارشوں اور برف باری کا دور دور تک کوئی نام …….کوئی نشان نہیں ہے ‘ بالکل بھی نہیں ہے ۔ اس لئے صاحب ہم خاموش ہیں ……. سو فیصد خاموش کہ ہمارا باتیں کرنے سے کوئی بات بننے والی نہیں ہے ……. اور یہ بات ہماری سمجھ میں آگئی ہے…….اب چلہ کلاں کو سمجھائیے کہ منفی۶‘۷‘۸،۹ یا ۱۰ ڈگری سینٹی گریڈ سے ہماری بات بننے والی نہیں ہے کہ …….کہ ہمارا بھلا ہو گا تو…….تو بارشوں اور برفباری سے ہو گا‘کسی اور بات سے نہیں …….بالکل بھی نہیں ۔ہے نا؟




