وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں اتوار کی شب تازہ برف باری ہوئی، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا جبکہ سونمرگ لداخ (سرینگر،لیہہ) قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ سونمرگ، زوجیلا، بالتل اور تھجواس کے بالائی حصوں میں ہلکی اور تازہ برف باری ریکارڈ کی گئی، جبکہ کرگل ضلع کے دراس، منی مرگ اور گُمری علاقوں میں بھی برف کی نئی پرت نے سرد موسم کو مزید سخت کردیا۔
تازہ برف جمع ہونے کے بعد انتظامیہ نے احتیاطی طور سونمرگ لداخ شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل و حرکت عارضی طور روک دی۔ ٹریفک پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ زوجیلا پاس پر برف باری کے سبب سڑک پھسلن زدہ ہوگئی ہے ، جس کے بعد حادثات سے بچنے کیلئے ٹریفک کو فوری طور بند کرنا ضروری تھا۔
افسر کے مطابق بارڈر روڈز آرگنائزیشن نے زوجیلا کے مختلف مقامات پر برف ہٹانے کا کام شروع کردیا ہے ، تاہم شاہراہ کی بحالی کا انحصار موسم کی صورتحال پر ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تازہ برف باری اور سخت سردی کے باعث سونمرگ کی سڑکوں پر صبح کے وقت شدید پھسلن تھی، جس نے مسافروں کی مشکلات میں اضافہ کیا۔
انتظامیہ نے برفانی علاقوں کی طرف سفر کرنے والے ڈرائیوروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں میں سنو چینز کا استعمال کریں، تاکہ پھسلن زدہ سڑکوں پر بہتر گرفت قائم رہے اور حادثات کا خطرہ کم ہو سکے ۔
شہریوں سے یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور صرف ناگزیر صورت میں ہی گاڑی لے کر نکلیں۔
اس دوران وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے کے باعث لوگوں کو ٹھٹھرتی سردیوں سے کوئی راحت نصیب نہیں ہو رہی ہے ۔
کشمیر ویدر کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۴ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۰۹ئڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۴ء۰ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی۵ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۲ء۱ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۲ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
جنوبی کشمیر کے اننت ناگ، پلوامہ، شوپیاں اور کولگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی۴ء۱ڈگری سینٹی گریڈ، منفی۱ء۳ڈگری سینٹی گریڈ، منفی۲ء۴ڈگری سینٹی گریڈ اور ۸ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی۱ء۳ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی۳ء۲ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ سونہ مرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۸ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی۱ء۳ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی۲ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
لداخ یونین ٹریٹری کے لیہہ اور کرگل اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی۲ء۶ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی۰ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں۱۵دسمبر تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے ۔









