نہیں صاحب ہم کوئی جوتشی نہیں ہیں… بالکل بھی نہی ہیں… علم نجوم سے ہمارا دور دور کا بھی واسطہ نہیں ہے… لیکن صاحب یہ بھی سچ ہے کہ یہ کوئی راکٹ سائس نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے … ملک میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کیا ہوں گے ‘ ان کی پیش گوئی کرنا کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے… یہ بہت آسان ہے ‘ کوئی بھی یہ پیش گوئی کر سکتا ہے… سو ہم نے بھی کی … بہت پہلے کی ‘ انہی کالموں میں کی… بہار میں کانگریس کی شکست اور بی جے پی کی جیت کے بارے میں کی… اور… اور دیکھ لیجئے کہ… کہ بہار میں بی جے پی کی سربراہی والے این ڈی اے نے ایسی شاندا کامیابی حاصل کی کہ…کہ خود وزیر اعظم مودی جی اور ان کے شاہ جی بھی اتنی شاندار کامیابی کی توقع نہیں کررہے تھے… بالکل بھی نہیں کررہے تھے… مختصر یہ کہ بہار کے اسمبلی الیکشن میں بی جے پی والے این ڈی اے نے ایک بار پھر کامیابی حاصل کی … اور کانگریس والے مہاگٹھ بندھن کوشکست فاش ہو ئی… ایسا نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے کہ… کہ مودی جی یا بی جے پی ہار نہیں سکتی ہے… یا اسے ہرایا نہیں جا سکتا ہے… مودی جی ہار سکتے ہیں ‘ ان کی جماعت کو بھی شکست دی جا سکتی ہے… اس کی بھی شکست ہو سکتی ہے… لیکن… لیکن کوئی ہرانے والا ہونا چاہئے‘ اسے شکست دینے والا ہو نا چاہئے… اور… اور کانگریس یا کسی اپوزیشن جماعت کے پاس ایسا کوئی لیڈر نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے جو مودی جی اور بی جے پی کو ہرا سکے… ممکن ہے کہ… کہ ایسا کوئی لیڈر ہو گا بھی… لیکن… لیکن لوگوںکو بہار کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے لوگوں کو اپوزیشن میں ایسا کوئی لیڈر نظر نہیں آرہا ہے… جو مودی جی اور ان کی جماعت کو ہرا سکے… آپ یوں بھی کہہ سکتے ہیں کہ… کہ اپوزیشن میں مودی جی کا کوئی متبادل نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے… راہل بابا کی بات نہ کریں کہ…کہ الیکشن کے بعد الیکشن میں اگر کوئی بات ثابت ہو رہی ہے تو… تو وہ یہی ہے کہ راہل بابا سیاست کیلئے نہیں بنے ہیں اور نہ سیاست… ملک کی سیاست ان کیلئے بنی ہے… اس لئے ان کیلئے ملک کی سیاست کو سمجھنا راکٹ سائنس جیسا ہی ہے… اور … اور ہمارے لئے سیاست اور الیکشن سمجھنا اور ان کے بارے میں کوئی پیش گوئی کرنا راکٹ سائنس بالکل بھی نہیں ہے… اور ہاں آپ کیلئے بھی نہیں ۔ ہے نا؟




