سرینگر//
وادی کشمیر کے رہائشی علاقوں میں جنگلی جانوروں کا نمودار ہو کر انسانوں پر حملہ آور ہونے کا سلسلہ جاری ہے ۔
جنوبی ضلع اسلام آباد کے کریری ڈورو علاقے میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران تیندوے کے حملے میں کم سے کم چھ افراد زخمی ہو گئے ۔
مقامی ذرائع نے زخمیوں کی شناخت محبوبہ اختر زوجہ محمد یوسف ڈار، ظریفہ بانو زوجہ عبدالعزیز ڈار ، نادیہ جان دختر محمد یوسف اور ثاقب احمد ولد محمد یوسف ساکنان کریری ڈورو کے بطور کی ہے ۔
سب ضلع ہسپتال ڈورو میں تعینات ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ پیر کی شام کو دو زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا جبکہ منگل کی صبح ایک ہی کنبے کے چار افراد کو ہسپتال میں بھرتی کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ سبھی تیندوے کے حملے میں زخمی ہوئے اور اُن کی حالت مستحکم ہے ۔
دریں اثنا محکمہ وائلد لائف کی ایک ٹیم جائے موقع پر پہنچی ہے اور وہ جانور کو پکڑنے کے کام میں جٹ گئی ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ یکم جولائی کی شام کو گوپال پورہ مٹن اسلام آباد میں آدم خور تیندوے نے ایک کمسن لڑکی کو نوالہ بنایا تھا۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ جنگلوں کا صفایا اور بستیوں میں کھیت کھلیان میوہ باغوں میں تبدیل ہونا جنگلی جانوروں کے بستیوں کی طرف رخ کرنے کی بنیادی وجہ ہے ۔