سرینگر//
جموں کشمیر اور لداخ کے مرکز کے زیر انتظام علاقوں کیلئے مرکز کی اگنی پتھ اسکیم کے تحت ہندوستانی فوج میں بھرتی کیلئے آن لائن رجسٹریشن منگل کو شروع ہوئی۔
بارہمولہ ضلع کے پٹن کے حیدربیگ میں ۱۷ ستمبر سے ۳۰ ستمبر تک آرمی ریکروٹنگ آفس‘ سرینگر کے ذریعے ایک بھرتی ریلی کی جائے گی۔
سرینگر میں مقیم ایک دفاعی ترجمان نے کہا’’بھرتی ریلی اگنی پتھ اسکیم کے تحت اگنیور کے طور پر بھرتی کے لیے ہوگی‘‘۔
ترجمان نے کہا کہ یکم اکتوبر ۱۹۹۹ سے یکم اپریل۲۰۰۵ کے درمیان پیدا ہونے والے تمام اہل غیر شادی شدہ مرد امیدوار جن کا تعلق جموں و کشمیر کے سرینگر، اننت ناگ، بارہمولہ، پلوامہ، بڈگام، کپواڑہ، شوپیاں، گاندربل، بانڈی پورہ اور کولگام اضلاع سے مطلوبہ تعلیمی قابلیت کے ساتھ ہے۔ اگنیویر جنرل ڈیوٹی، اگنیویر ٹیکنیکل، اگنیور کلرک/اسٹور کیپر ٹیکنیکل اور اگنیور ٹریڈسمین کے زمرے کے تحت اندراج کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔