برمنگھم//ہندوستان کے کپتان روہت شرما کووڈ-19 کی رپورٹ نگیٹیو آنے کے بعد آئیسولیشن سے باہر آ گئے ہیں اور اب انگلینڈ کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کے لیے دستیاب ہوں گے جس کی شروعات7 جولائی کو ساؤتھمپٹن میں پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل سے ہوگی لیسٹر شائر کے خلاف چار روزہ وارم اپ میچ کے دوران مثبت پانے کے بعد روہت انگلینڈ کے خلاف جاری پانچویں ٹیسٹ سے باہر ہوگئے تھے ۔
روہت کی کووڈ رپورٹ نگیٹیوآئی ہے اور میڈیکل پروٹوکول کے مطابق وہ اب قرنطینہ سے باہر ہیں۔ تاہم، وہ نارتھمپٹن شائر کے خلاف ٹی ٹوئنٹی پریکٹس میچ نہیں کھیلیں گے کیونکہ پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے قبل انہیں کچھ ریکوری اور ٹریننگ کی ضرورت ہوگی۔
میڈیکل پروٹوکول کے مطابق، قرنطینہ سے باہر آنے والے کسی بھی کھلاڑی کو لازمی ہارٹ ٹیسٹ سے گزرنا پڑتا ہے، جس میں کووڈ کے بعد کھلاڑی کے پھیپھڑوں کی صلاحیت کی جانچ ہوتی ہے۔
یکم جولائی سے شروع ہونے والے ٹیسٹ سے قبل روہت کی رپورٹ تین بار مثبت آئی تھی اور اس لیے جسپریت بمراہ کی شکل میں ہندوستان کو نیا ٹیسٹ کپتان ملا۔
روہت محدود اوورز کی سیریز کے پہلے میچ میں کھیلیں گے اور دوسرے میچ سے وراٹ کوہلی، بمراہ، رشبھ پنت اور رویندر جڈیجہ سمیت ٹیسٹ میچ میں حصہ لے رہے کھلاڑی دستیاب ہوں گے۔