سرینگر//
جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر کو لکھے گئے ایک خط میں الیکشن کمیشن آف انڈیا(ای سی آئی)نے ہدایت دی ہے کہ ووٹر لسٹ کی نظرثانی کی پوری مشق ۳۱؍ اکتوبر ۲۰۲۲ تک مکمل کر لی جائے۔
تفصیلات کے مطابق، انتخابی قوانین (ترمیمی) ایکٹ‘۲۰۲۱ کے ذریعے عوامی نمائندگی ایکٹ کے سیکشن ۱۴میں ترمیم کے بعد گزٹ آف انڈیا نوٹیفکیشن نمبر ۶۷، مورخہ ۳۰ دسمبر۲۰۲۱ کے ذریعے مطلع کیا گیا ہے اور الیکٹرز رول۱۹۶۰ کے رجسٹریشن میں متعلقہ تبدیلیوں کے بارے میں ۱۷جون ۲۰۲۲ کو مطلع کیا گیا، چار کوالیفائنگ تاریخیں، یعنی یکم جنوری، یکم اپریل، یکم جولائی، اور یکم اکتوبر دستیاب ہیں۔ پچھلے پیراگراف میں بیان کردہ وجہ کے پیش نظر، کمیشن نے یکم اکتوبر کے حوالے سے ایس ایس آر‘۲۰۲۲ کا حکم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں ۵؍ اگست ۲۰۱۹ کی آئینی تبدیلیوں اور حد بندی کی مشق کی وجہ سے انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی نہیں ہوئی تھی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ موجودہ پالیسی کے مطابق انتخابی فہرستوں کی نظرثانی آنے والے سال کی یکم جنوری کے حوالے سے کی جائے کیونکہ اہلیت کی تاریخ تمام ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ہر سال کے آخر میں کی جاتی ہے (عام طور پر سال کی آخری سہ ماہی میں) تاکہ انتخابی فہرستوں کی حتمی اشاعت اگلے سال جنوری کے پہلے ہفتے میں کی جا سکے۔
تاہم، مختلف انتظامی وجوہات کی بنا پر انتخابی فہرست کی یہ سالانہ نظرثانی ایس ایس آر، ۲۰۱۹ کے بعد جموں و کشمیر میں نہیں کی گئی۔
اس دوران یوٹی میں اسمبلی اور پارلیمنٹ کی متنازع حد بندی کی مشق کی گئی ہے۔ حد بندی کمیشن کے ذریعہ ۵ مئی۲۰۲۲ کو نئے خطوط پر کی گئی حد بندی کے بارے میں تمام حلقوں کو اطلاعات فراہم کی گئیں۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق، مربوط ڈرافٹ انتخابی فہرست یکم ستمبر ۲۰۲۲ کو شائع کی جائے گی۔ پولنگ باڈی کے مطابق دعوے اور اعتراضات یکم ستمبر سے۳۰ ستمبر تک دائر کیے جاسکتے ہیں اور۱۵؍ اکتوبر تک ان پر حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔
شیڈول میں کہا گیا ہے کہ انتخابی فہرستوں کی حتمی اشاعت ۳۱؍اکتوبر کو کی جائے گی۔ خط کے مطابق سی ای او کو ۱۰جون ۲۰۲۲ کو کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ نظرثانی مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔