نئی دہلی// کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعرات کو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں زبردست اضافے کے سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر مودی مگرمچھ کے آنسو بہانے میں ماہر ہیں اور عوام کے دکھ درد سے ان سے کوئی لینا دینا نہیں ہے کانگریس لیڈر نے کہا کہ مسٹر مودی نے اجولا اسکیم کے بارے میں جذباتی باتیں کہی ہیں اور انہوں نے جتنے آنسو بہائے وہ فرضی تھے۔ انہوں نے کہا کہ حق اطلاعات قانون کے تحت موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سلنڈر کی قیمت زیادہ ہونے کی وجہ سے ملک میں 3.59 کروڑ صارفین نے ایل پی جی سلنڈر نہیں بھروایا ہے۔ ایل پی جی سلنڈر کی قیمت آج 1000 سے زیادہ ہوگئی ہے۔
فیس بک پر پوسٹ کیے گئے اس پیغام میں مسٹر گاندھی نے کہاکہ "پردھان منتری اجولا یوجنا مئی 2016 میں شروع کی گئی تھی۔ اس اسکیم پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے، پیٹرول پمپ سے لے کر اخبار تک، پھر 10 اگست 2021 کو دوبارہ اجوالا 2.0 کو لانچ کرکے عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے اشتہارات پر کروڑوں خرچ کیے گئے۔ پھر آہستہ آہستہ سلنڈر کی قیمتیں بڑھائی گئیں اور آج ایک سلنڈر بھرنے کی قیمت 1000 روپے ہو گئی ہے۔میں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم نے دو ہندوستان بنادیا ہے ایک امیر اور ایک غریب کا۔”
انہوں نے کہا کہ ’’اپنی ایک ریلی میں وزیر اعظم چولہے پر کھانا پکانے والی ماؤں کے لیے قدرے جذباتی ہو گئے تھے لیکن آج صرف ایک سال (2021-22) میں ہی 3.59 کروڑ لوگوں کو چولہا پھونکنے پر مجبور کردیا ہے۔ اتنے جھوٹے آنسو کیسے بہا لیتے ہیں وزیراعظم؟