نئی دہلی// قومی راجدھانی اور آس پاس کے علاقوں میں جمعرات کو لوگوں کو بارش نے گرمی کی شدت اور امس سے راحت دلائی اور لوگ خوشگوار موسم کا لطف اٹھانے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے، تاہم اس دوران مختلف مقامات پر ٹریفک جام اورپانی جمع ہونے سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات نے دہلی میں جنوب مغربی مانسون کے آغاز کا اعلان کیا، جس کے بعد آج صبح قومی دارالحکومت اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے ٹویٹ کیا، "جنوب مغربی مانسون جمعرات 30 جون 2022 کو پورے اتر پردیش، ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر، راجستھان کے کچھ حصوں، پوری دہلی، پنجاب اور ہریانہ کے کچھ حصوں میں آگے بڑھ گیا ہے۔”
قومی دارالحکومت میں ‘اورنج’ الرٹ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے گرد آلود ہواؤں کے ساتھ درمیانے درجے کی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 27.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو کہ عام سیزن کا اوسط درجہ حرارت ہے۔ صبح 8.30 بجے نسبتاً نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 کے قریب رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ نے عام طور پرہلکی بارش کے ساتھ بادل چھائے رہنے اورتیز ہواؤں و گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
دہلی ٹریفک پولیس نے آج سڑک کے مسافروں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا، "محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ پوری دہلی اورآس پاس کے علاقوں میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش ہوگی۔