اجلاس ۲۰؍اکتوبر تک جاری رہ سکتا ہے‘ریاستی حیثیت اور ریزرویشن کے مسائل کے غالب رہنے کی توقع
سرینگر/۲۳ستمبر
جموںکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں کابینہ نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے سفارش کی کہ وہ ۱۳؍اکتوبر سے جموںکشمیر قانون ساز اسمبلی کا سیشن شروع کریں۔
وزیر اعلیٰ نے منگل کو سول سکریٹریٹ‘ سرینگر میں کابینہ کی میٹنگ کی صدارت کی۔
وزیر اعلیٰ کے’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہا گیا’’وزیر اعلیٰ نے آج سول سکریٹریٹ سری نگر میں کابینہ کی میٹنگ کی صدارت کی جس میں گورننس اور ترقی سے متعلق کئی اہم فیصلے لئے گئے ‘‘۔ تاہم انہوں نے اس سلسلے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
باخبر ذرائع سے معلوم ہوا کہ۱۳؍اکتوبر سے تقریباً ہفتہ بھر کے اجلاس کے انعقاد کے لیے کابینہ کی میٹنگ کی سفارش لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو منظوری کیلئے بھیج دی جائے گی۔
جموں وکشمیر تنظیم نو ایکٹ‘۲۰۱۹کے تحت‘ اسمبلی کے کم از کم دو سیشن چھ ماہ کے اندر منعقد ہونے چاہئے ۔ جموںکشمیر اسمبلی کا آخری سیشن۲۸؍اپریل کو منعقد ہوا تھا جس کے مطابق اگلا سیشن۲۸ستمبر تک منعقد ہونا چاہئے ۔
قابل ذکر ہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ایک روزہ خصوصی اجلاس بلایا گیا جب کہ بجٹ سیشن ۳مارچ سے۹؍اپریل تک جموں میں ہوا تھا۔
ایوان کی آئندہ کارروائی میں دو بڑے مسائل چھائے رہنے کی توقع ہے: ریاستی حیثیت اور ریزرویشن۔
گزشتہ اسمبلی اجلاس اس وقت ہنگاموں کی نذر ہوگیا تھا جب نیشنل کانفرنس کے ارکان نے وقف (ترمیمی) بل، ۲۰۲۵ پر اپنی التوا کی تحریک مسترد ہونے کے بعد ایوان میں شدید شور شرابہ کیا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ ریاستی حیثیت سے متعلق تین اہم قراردادیں بغیر کسی بحث کے ختم ہوگئیں۔
دوسری جانب ریزرویشن کا معاملہ بھی ایوان میں بار بار اٹھتا رہا۔ اس سلسلے میں پیپلز کانفرنس کے صدر اور ہندواڑہ سے رکنِ اسمبلی، سجاد غنی لون نے حکومت پر کھل کر تنقید کی اور اسے عوامی توقعات کے برعکس اقدامات کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ یہ دونوں موضوعات آئندہ اجلاس میں بھی گرما گرم بحث کا باعث بنیں گے اور ایوان کی کارروائی پر غالب رہیں گے۔
دریں اثنا ایک سرکاری ترجمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج سول سیکرٹریٹ سرینگر میں کابینہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں حکمرانی اور ترقی سے متعلق کئی اہم فیصلے لئے گئے۔
ترجمان کے مطابق دورانِ میٹنگ کابینہ نے جموں و کشمیر بھر میں عوامی فلاح و بہبود، اِنتظامی کارکردگی اور ترقیاتی ترجیحات سے متعلق مختلف ایجنڈا آئٹمز پر غور وخوض کیا اور فیصلے لئے۔
میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری، وزرأ سکینہ اِیتو، جاوید احمد رانا، جاوید احمد ڈار اور ستیش شرما نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری اَتل ڈولو بھی میٹنگ میں موجود تھے۔(ندائے مشرق خبر)









