کلکتہ/۱۵ ستمبر
وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو مسلح افواج کو ’آپریشن سندور‘کی کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا اور وزارت دفاع پر زور دیا کہ وہ مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے زیادہ خود انحصاری اور جدت حاصل کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ ایک عہدیدار نے یہ اطلاع دی۔
وزیر اعظم نے مشرقی کمانڈ کے فوجی ہیڈکوارٹر وجے درگ (سابق فورٹ ولیم) میں مسلح افواج کی ۱۶ویں مشترکہ کمانڈرز کانفرنس (سی سی سی) کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر انہوں نے پچھلے دو برسوں میں نافذ کی گئی اصلاحات اور آئندہ دو برسوں کا منصوبہ بھی جائزہ لیا۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق، وزیر اعظم کو افواج کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی، خاص طور پر ’آپریشن سندور‘ کے بعد بننے والی ’نئی صورت حال‘، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی اور حکمت عملی کے تناظر میں مستقبل کی جنگوں کے امکانات کے حوالے سے۔
بیان میں کہا گیا’’وزیر اعظم نے آپریشن سندور کی کامیابی پر مسلح افواج کو مبارکباد دی‘‘۔
یاد رہے کہ آپریشن سندور مئی میں پہلگام کے دہشت گرد حملے کے بعد شروع کیا گیا تھا، جس میں ۲۶؍ افراد جان سے گئے تھے۔ یہ ایک ہدفی اور تعزیری کارروائی تھی، جس کا مقصد پاکستان اور اس کے زیر قبضہ کشمیر کے اندر دہشت گرد ڈھانچے کو ختم کرنا تھا۔ اس آپریشن میں تینوں افواج نے پیشہ ورانہ مہارت اور درستگی کے ساتھ مربوط کارروائی کی، ایک دفاعی عہدیدار نے بتایا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے ملک کی تعمیر میں مسلح افواج کے کلیدی کردار کو بھی سراہا، جن میں انسدادِ قزاقی کارروائیاں، تنازعہ زدہ علاقوں سے بھارتی شہریوں کی محفوظ واپسی، اور دوست ممالک کو انسانی اور قدرتی آفات سے متعلق امداد شامل ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ’۲۰۲۵ کو دفاعی اصلاحات کا سال‘ قرار دیا گیا ہے، اس کے تحت وزارتِ دفاع کو ہدایت دی گئی کہ زیادہ سے زیادہ شراکت، آتم نربھرتا (خود کفالت) اور جدت کے لئے تیزی سے ٹھوس اقدامات کئے جائیں تاکہ مستقبل کے چیلنجوں کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔
اس کانفرنس میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان، اور دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران شریک ہیں۔
ہر دو برس میں ایک بار منعقد ہونے والی تین روزہ مشترکہ کمانڈرز کانفرنس مسلح افواج کا اعلیٰ سطحی فورم ہے، جو ملک کی اعلیٰ سیاسی اور فوجی قیادت کو یکجا کرتا ہے تاکہ آئندہ کیلئے بھارت کی فوجی تیاریوں کی راہ متعین کی جا سکے۔
اس برس کانفرنس کا موضوع ہیـ’سالِ اصلاحات … مستقبل کی تیاری کیلئے تبدیلی‘‘۔ اس میں اصلاحات، تبدیلی، آپریشنل تیاریوں اور افواج کی جدید کاری پر غور کیا جا رہا ہے۔
اگلے دو دنوں کے دوران کانفرنس میں انتظامی، ساختی اور آپریشنل امور کا جامع جائزہ لیا جائے گا، خاص طور پر عالمی غیر یقینی حالات کے تناظر میں مسلح افواج کی تیاریوں پر۔ اس موقع پر مشترکہ کارروائی، انضمام، ملٹی ڈومین وارفیئر کے لئے تیاری اور اسلحہ سازی کے جدید تقاضوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
یہ کانفرنس آخری بار ۲۰۲۳ میں بھوپال میں منعقد ہوئی تھی، جس کا افتتاح بھی مودی نے کیا تھا۔وزیر اعظم، جو اتوار کی شام آسام سے کلکتہ پہنچے تھے، پیر کی دوپہر بہار کے پورنیہ روانہ ہو گئے۔ یہ پچھلے پانچ مہینوں میں مودی کا چوتھا دورۂ بنگال اور ایک ماہ کے اندر دوسرا دورہ تھا۔










