سرینگر/۳ ستمبر
لیفٹیننٹ گورنر شری منوج سنہا نے جموں و کشمیر کے مختلف حصوں میں مسلسل بارش اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر سینئر حکام سے بات کی اور صورتِ حال کا جائزہ لیا۔
سنہا کو فوج، فضائیہ، سی اے پی ایفز، ضلعی انتظامیہ، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی جانب سے جاری ریسکیو اور ریلیف اقدامات پر بریفنگ دی گئی تاکہ بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔
ایل جی کوبتایا گیا کہ اکھنور میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو بی ایس ایف، این ڈی آر ایف اور پولیس نے محفوظ مقامات پر منتقل کیا، جبکہ اننت ناگ، بڈگام اور پلوامہ کے تقریباً ۶۷دیہات کے رہائشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔ اسی طرح پلوامہ اور شوپیاں میں خانہ بدوش خاندانوں کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پناہ گاہیں فراہم کی گئیں۔
سرینگر شہر میں ہنگامی صورتحال کے لیے تقریباً ۹ ریلیف شیلٹر تیار رکھے گئے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سینئر حکام کو ہدایت دی کہ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو راشن، کمبل، ادویات، ایل پی جیز اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی اور بجلی کے بنیادی ڈھانچے کی فوری بحالی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
ایل جی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہر ممکن احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے یہ بھی یقین دلایا کہ ضرورت مندوں کو بروقت امداد فراہم کرنے میں مرکز کی طرف سے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جا رہی ہے۔
سنہا نے ضلع راجوری کے کانگری، سندربنی میں پیش آئے سانحہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور مسلسل بارش سے متاثرہ تمام افراد کی خیریت کی دعا کی۔










