سینٹ لوشیا//بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سینٹ لوشیا ٹیسٹ میں میچ جیتنے کے لیے خاطرخواہ کوشش نہیں کی۔
اس میچ کے چوتھے دن ہی ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بنگلہ دیش نے تیسرے دن اپنے چھ وکٹ گنوائے تھے لیکن ان کے پاس باعزت ہدف دینے کا پورا موقع تھا۔ لیکن ایسا نہیں ہوا اور بنگلہ دیش کی ٹیم پہلے ہی گھنٹے میں آل آؤٹ ہو گئی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے اس ٹیسٹ سیریز کو2-0 سے جیت لیا۔
شکیب نے میچ کے بعد کہا، "اس ٹیسٹ کو اگردیکھاجائے تو ہم نے ڈرنک بریک، لنچ بریک یا بارش سے عین قبل وکٹ گنوایا، اگر ہم نے یہ وکٹ نہ گنوائے ہوتے تو حالات مختلف ہوتے۔ یہاں پورامعاملہ یہ تھا کہ آپ میچ کے حالات کے تئیں کتنے بیدارہیں۔ میچ میں جیتنے کی کوشش کرنے یا اسے مثبت انداز میں آگے بڑھانے کے لئے جس طرح کے کردارکی ضرورت ہوتی ہے، اس میں ہم کافی پیچھے تھے۔”
شکیب کا خیال ہے کہ دسمبر میں ہندوستان کے خلاف شروع ہونے والی سیریز سے پہلے ٹیسٹ کھلاڑیوں کو اپنے کھیل پر کام کرنا چاہیے۔ بنگلہ دیش اس ہفتے کے آخر میں اپنے ٹی ٹوئنٹی سیزن میں داخل ہو گا جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک چلے گا۔ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انعقاد سے قبل ایشیا کپ اور نیوزی لینڈ میں ایک سہ فریقی سیریز کا حصہ ہوں گے۔
شکیب نے کہا، "ہمیں ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے ہر شعبے میں بہتری لانی ہوگی۔ اگلا ٹیسٹ کھیلنے سے پہلے ہمارے پاس کافی وقت ہے۔ جو لوگ ٹیسٹ کھیلنے میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ اس دوران خود کو بہتر بنا سکتے ہیں۔”