سری نگر//
محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ ( ڈِی آئی پی آر) جموںوکشمیر نے آئند ہ یوم آزادی۲۰۲۵ کی تقریبات کے سلسلے میںتخلیقی اور حب الوطنی کے اظہار میں حصہ لینے کیلئے شہریوں خصوصاً طلبااور نوجوانوں کی حوصلہ اَفزائی کیلئے تین آن لائن مقابلے شروع کئے ہیں۔
شرکا کو قومی ترانہ گانے کے مقابلے میں حصہ لینے کی دعوت دی گئی ہے، جہاں وہ قومی ترانے کی اپنی اپنی گائیکی پیش کر کے اپنی محبت ِ وطن کا اظہار کر سکتے ہیں۔ بہترین پرفارمنس کرنے والوں کو نقد انعامات دئیے جائیں گے۔
فکری قیادت اور ویژنری سوچ کو بڑھانے کے لئے آن لائن مضمون نویسی کے مقابلے کا اعلان کیا گیا ہے جس کا موضوع ’’ وِکست بھارت @۲۰۴۷‘‘ہے۔شرکاء کو مدعو کیا جاتا ہے کہ وہ ترقی یافتہ ہندوستان کیلئے اَپنی خواہشات اور اِختراعی خیالات کو قلم بند کریں جب ملک آزادی کے۱۰۰ سال مکمل کرے گا ۔
اِس کے علاوہ ڈِی آئی پی آر نے آن لائن مصوری کا مقابلہ بھی شروع کیا ہے جس کا موضوع ’اپنا پسندیدہ فریڈیم فائٹر‘ہے۔ اُبھرتے ہوئے فن کاروں کو ترغیب دی جاتی ہے کہ وہ ہندوستان کے مجاہدین آزادی کی یاد اور ورثے کو رنگوں اور تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے پیش کریں۔
یہ تمام مقابلے عام لوگوں کے لئے کھلے ہیں اور ان کا مقصد حب الوطنی کے جذبے کو بیدار کرنا، صلاحیتوں کو پروان چڑھانا اور ہندوستان کے تصور کا جشن منانا ہے۔ بہترین کارکردگی پر انعامات اور اسناد دی جائیں گی۔
ڈِی آئی پی آر تمام شہریوں خصوصاً جموں و کشمیر کے لوگوںسے پرجوش شرکت کی اپیل کرتا ہے تاکہ یہ یومِ آزادی یادگار بنایا جا سکے۔










