کشتوار//
ضلع کشتوار کے علاقے سوندر دچھن میں منگل کے روز جے سی بی گاڑی کے حادثے میں تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
حکام نے بتایا کہ جے سی بی ایک پہاڑی حصے سے گزر رہا تھا جب غیر واضح حالات میں اس کو حادثہ پیش آیا ، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تینوں افراد کی فوری موت ہو گئی۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت۲۳ سالہ کھٹاسو بھلیسا کے رہائشی سید کے بیٹے نذیر حسین ، تقریباً۲۶ سالہ کھٹاسو بھلیسا کے رہائشی فیروز الدین کے بیٹے اسحاق اور۲۸ سالہ بھلیسا کے رہائشی مجید کے طور پر ہوئی ہے۔
تینوں لاشوں کو ضلع اسپتال کشتوار منتقل کر دیا گیا ہے ، جہاں طبی و قانونی رسمی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
حکام نے معاملے کا نوٹس لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
اس دوران جموں کشمیر کے ضلع رامبن میں منگل کے روز یاترا گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں چار امر ناتھ یاتری زخمی ہوئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ حادثہ سری ٹنل کے نزدیک اس وقت پیش آیا جب سری نگر سے جموں کی جانب آ رہی یاترا کی ایک بس بریک فیل ہونے کے باعث سڑک کے کنارے بنے حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی۔
ضلع انتظامیہ اور پولیس حکام کے مطابق حادثے کے فوری بعد مقامی لوگ، پولیس اہلکار اور ٹریفک پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ زخمی یاتریوں کو فوری طور پر ضلع اسپتال رام بن منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔
رام بن کے ڈپٹی کمشنر الیاس خان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا’’تمام زخمی یاتریوں کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد جموں روانہ کیا جا رہا ہے ‘‘۔
خان نے مزید بتایا کہ جموں،سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے اور یاترا قافلے کی نقل و حرکت کو بحال رکھا گیا ہے ۔
حکام نے یاتریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور سرکاری رہنمائی پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ۔










