سرینگر//
لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا نے آج ایک دن کے طویل دورے کے دوران شری امر ناتھ جی یاترا کے بال تل اور پہلگام دونوں جگہوں کا دورہ کیا اور تمام متعلقہ محکموں کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بال تل اور پہلگام کے راستوں پر سہولیات کا بھی معائنہ کیا اور بنیادی کیمپوں میں جائزہ میٹنگوں کی صدارت کی جس میں قیام ، صحت کی دیکھ بھال ، مواصلاتی نیٹ ورک ، صفائی ، پانی کی فراہمی ، موسم کی پیشن گوئی ، ہنگامی ردِ عمل ، آگ سے حفاظت اور دیگر تمام بنیادی ضروریات شامل ہیں ۔
بال تل میں سنہانے شری امر ناتھ جی یاتریوں کو معیاری صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کیلئے ۷۰ بستروں پر مشتمل مکمل طور پر لیس ڈی آر ڈی او ہسپتال کا افتتاح کیا ۔
وزارت صحت اور خاندانی بہبود کی طرف سے مالی اعانت سے چلنے والے ہسپتال میں ایکسرے ، جنرل وارڈ ، اوپی ڈی ، آئی سی یو ، آکسیجنیٹڈ وارڈ ، فارمیسی ، لیبارٹری اور الٹراساؤنڈ جیسی سہولیات موجود ہوں گی ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یاتریوں کیلئے بہتر سہولیات ، بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کیلئے مختلف ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کے انتظام میں شامل تمام محکمے بہترین ممکنہ سہولیات کو یقینی بنائیں کیونکہ سالانہ یاترا کیلئے بڑی تعداد میں عقیدت مندوں کی آمد متوقع ہے ۔
اپنے دوروں کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے کیمپ ڈائریکٹرز ‘پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے اہلکاروں سے بات چیت کی اور یاترا کے انتظامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔
سنہا نے تمام حساس مقامات پر فائر آڈٹ کرنے کی ہدایت دی اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ سیکورٹی ایجنسیوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی باقاعدہ مشترکہ میٹنگیں منعقد کریں ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے تفویض کردہ کاموں کو وقت پر مکمل کرنے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کی بھی تعریف کی ۔ انہوں نے سالانہ یاترا کے محفوظ اور کامیاب انعقاد کیلئے یاترا کے انتظام میں شامل تمام محکموں کے درمیان بہتر تال میل پر زور دیا ۔
چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے صفائی ستھرائی کے عملے کی مناسب تعیناتی ، مناسب جگہوں پر کوٹے دان کی تنصیب ، خدمات فراہم کرنے والوں کی تربیت ، ہائی ایلٹی ٹیوڈ سکنیس کیلئے طبی امداد ، شرح فہرستوں کی نمائش ، یاتریوں کے انتظار کے وقت کو کم سے کم کرنے سے متعلق واضح ہدایات جاری کیں ۔ انہوں نے یاترا کو پلاسٹک سے پاک بنانے پر زور دیا ۔
شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے سی ای او نتیشور کمار نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ یاترا ٹریک پر تمام شناخت شدہ مقامات پر۱۰ دن کی ضروری اشیاء کا ذخیرہ کرنے کے علاوہ جن سیٹس کیلئے ڈیزل کا پہلے سے ذخیرہ کریں ۔