سرینگر//
وادی کشمیر میں منگل کی سہ پہر موسم نے اچانک کروٹ لی جس کے ساتھ ہی کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش، تیز آندھی اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہو گیا، جس کے نتیجے میں شہری زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔
دارالحکومت سری نگر میں بارش کے باعث کئی شاہراہیں زیر آب آ گئیں، خاص طور پر لالچوک، مائسمہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں پانی جمع ہونے سے آمد و رفت میں رکاوٹ پیش آئی۔
شہریوں نے شکایت کی کہ ناقص نکاسیٔ آب کے نظام نے بارش کو عذاب میں بدل دیا، جس سے دکانداروں اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال علاقے کے واگڈ گاؤں میں تیز آندھی کے دوران سفیدے کا درخت ایک خاتون پر گر پڑا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔ متوفی کی شناخت سلیمہ زوجہ بشیر احمد ڈار کے طور پر کی گئی ہے ۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر امدادی کارروائی انجام دی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
وادی کے دیگر اضلاع اننت ناگ، شوپیان، بارہمولہ اور کپوارہ سے بھی ژالہ باری اور تیز ہواؤں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ کسانوں نے فصلوں کو ممکنہ نقصان پر تشویش ظاہر کی ہے ۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ ایک ہفتے تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے ، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے ۔
تیز ہواؤں کے باعث سرینگر اور وادی کے کچھ دوسرے اضلاع میں بجلی کی سپلائی متاثر ہو ئی اور رات دیر گئے تک اسے بحال نہیں کیا گیا تھا۔
اس دوران ماہر موسمیات فیضان عارف کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے ایک ہفتے کے دوران لوگوں کو شدید گرمی سے راحت ملنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران وادی میں موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے تاہم دو پہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوسکتی ہیں جو درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ ہونے کا باعث بن سکتی ہیں۔
ماہر موسمیات کے’ایکس‘اکائونٹ کشمیر ویتھرکے مطابق وادی میں۲۷مئی موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم کچھ علاقوں میں شام کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے ۔
فیضان نے کہا کہ وادی میں۲۸مئی کو بھی موسم کی کم وبیش یہی صورتحال رہنے کی توقع ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ۲۹مئی کو بعد دوپہر یا شام کے بعد کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کے مختصر مرحلوں کا امکان ہے ۔
کشمیر ویتھر کے مطابق۳۰مئی کو وادی کے بیشتر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں جبکہ ۳۱ مئی کو موسم خشک رہ سکتا ہے کہ تاہم کچھ ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یکم جون کو موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے جبکہ ۲جون کو ایک بار پھر کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے ۔
ان کا کہنا تھا’’گرج چمک کے ساتھ بارشیں علاقے کے لحاظ سے نہیں ہیں اور درست اثرات کے ساتھ پیشگی پیش گوئی کرنا مشکل ہے ۔ ایسی کسی بھی سرگرمی کی شدت اور وقت مختلف ہوگا۔ اس دوران کچھ علاقوں میں ژالہ باری اور تیز ہواؤں کا بھی امکان ہے ۔‘‘