نہیں صاحب ایسا نہیں ہے اور بالکل بھی نہیں ہے کہ ہر بار غلطی کانگریس پارٹی کی ہی ہو … ایسا ضروری نہیں ۔ مانا… مانتے ہیں کہ کانگریس خود کو خود ہی نقصان پہنچانے میں ماہر ہے ‘اس میں اس کا کوئی ثانی نہیں ہے‘ یہ بھی تسلیم ہے کہ کانگریس کو اپنے اثاثوں کی قدر قیمت نہیں ہے اور… اور یہ ایسے حالات پیدا کرتی ہے کہ کارکن اور لیڈر‘ جو کہ کسی بھی پارٹی کا اثاثہ ہو تے ہیں ‘اس پارٹی کو چھوڑ کر چلے جاتے ہیں… اعتراف کرتے ہیں کہ اس کے اس رویے اور طرز عمل سے اس کے بہت سے بڑے لیڈر پارٹی کو چھوڑ کر حریف سیاسی جماعتوں میں شامل ہو ئے… لیکن… لیکن صاحب یہ بھی تو سچ ہے کہ کچھ کانگریسی ایسے بھی ہیں جو خود حالات کچھ ایسے بناتے ہیں کہ انہیں پارٹی سے بے دخل کرنے کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں رہتا ہے… بالکل بھی نہیں رہتا ہے… اور نہ جانے کیوں ہمیں محسوس ہو رہا ہے کہ اپنے تھرور… شیشی تھرور صاحب بھی انہی لیڈر کی صف میں شامل ہونے والے ہیں… کچھ ایک ماہ سے ان کے حوالے سے کچھ ایسی باتیں ‘ کچھ ایسی حرکتیں منسوب کی جا رہی ہیں کہ… کہ ہمیں لگتا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب تھرور …سابق کانگریسی لیڈر بن جائیں گے … کانگریس سے ان کی ’دوری‘ اور بی جے پی سے ان کی ’نذدیکیاں‘ اسی ایک بات کی چغلی کھا رہی ہیں… کسی اور بات کی نہیں ۔ اور یہ بات اپنے وزیرا عظم مودی جی بھی جانتے ہیں… اسی لئے تو انہوں نے حال ہی میں کیریلا میں کہا تھا کہ ان کی صدارت میں ہونے والی ایک سرکاری تقریب میں تھرور کی موجودگی سے بہت سے لوگوں کی نیندیں اڑ گئیں ہو ں گی …اشارہ صاف کانگریس کی طرف تھا … اب کانگریس کی نیندیں اڑ گئی ہیں یا نہیں ‘ یہ تو ہم نہیں جانتے ہیں… اور بالکل بھی نہیں جانتے ہیں‘سوائے اس ایک بات کے کہ… کہ تھرور صاحب کانگریس سے اڑنے والے ہیں… یہ جناب کانگریس کی شاخ سے اڑ کر بی جے پی کے تناور درخت میں سایہ لینے والے ہیں … اور بی جے پی بھی اس کا بے تابی سے انتظار کررہی ہے کہ … کہ اگر ایسا ہوا تو… تو تھرور جنوبی ہند میں بی جے پی کیلئے ایک اثاثہ … قیمتی اثاثہ ثابت ہوسکتے ہیں…اور بی جے پی ایسے قیمتی اثاثے کو کانگریس میں ہی رہنے دے ‘وہ اتنی احمق نہیں… بالکل بھی نہیں ہے… اسی لئے تو وہ تھرور اور کانگریس میں لگی آگ پر تیل چھڑک رہی ہے … پانی نہیں ۔ ہے نا؟