نئی دہلی/۷مئی
عالمی رہنما¶ں نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ہندوستانی مسلح افواج کی طرف سے منگل کی رات دیر گئے شروع کیے گئے’آپریشن سندور‘میں پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے۹ٹھکانوں پر حملوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے ۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آپریشن سندور پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا”میں نے اس کے بارے میں سنا، مجھے لگتا ہے کہ ہمیں معلوم تھا کہ کچھ ہونے والا ہے ، امید ہے کہ یہ جلد ختم ہو جائے گا۔ وہ (پاکستان اور ہندوستان) طویل عرصے سے لڑ رہے ہیں، وہ کئی دہائیوں سے لڑ رہے ہیں، اب مجھے امید ہے کہ یہ بہت جلد ختم ہو جائے گا“۔
تاہم چین نے ہندوستان کے اس اقدام کو افسوسناک قرار دیا ہے ۔ چین کی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان ایک دوسرے کے پڑوسی بھی ہیں، چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے ۔
چینی وزارت خارجہ نے دونوں ممالک سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پرامن رہیں، تحمل سے کام لیں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے ۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں ہندوستان میں اسرائیلی سفیر ریوین آزر نے کہا”اسرائیل ہندوستان کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت کرتا ہے ۔ دہشت گردوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ان کے پاس بے گناہوں کے خلاف اپنے گھنا¶نے جرائم سے چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ہے “۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے ہندوستان اور پاکستان سے تحمل سے کام لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا دونوں ممالک کے درمیان فوجی کشیدگی کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
گوٹیرس نے نیویارک میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کو لائن آف کنٹرول اور ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بین الاقوامی سرحد پر ہندوستانی فوجی کارروائیوں پر گہری تشویش ہے ۔ انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ فوجی تحمل کا مظاہرہ کریں اور کہا کہ دنیا پاکستان اور ہندوستان کے درمیان فوجی تصادم کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
قطر نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اس بحران کو سفارتی ذرائع سے حل کریں۔ قطر کی وزارت خارجہ نے کہا کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات کے لیے چینل کھولنے پر زور دیا جائے ۔ دونوں ممالک کو حل طلب مسائل کو مثبت بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے ۔