جموں//
جموں کشمیر کے ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے میں منگل کی صبح ایک مسافر بر دار بس گہری کھائی میں جا گرنے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر۴ہوگئی ہے جبکہ۴۴؍افراد زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے مینڈھر علاقے میں منگل کی صبح قریب ساڑھے نو بجے ایک مسافر بر دار گاڑی ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔
ذرائع نے کہا کہ حادثہ پیش آنے کے بعد پولیس، فوج اور مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور بچائو کارروائیاں شروع کیں۔
ذرائع کے مطابق اس حادثے میں۴؍افراد جاں بحق جبکہ۴۴؍افراد زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کیلئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج پونچھ حادثے میں ہوئے جانی نقصان پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے ایک تعزیتی پیغام کہا ہے ،’’ پونچھ میں المناک سڑک حادثے میں جانوں کے ضیاع پر مجھے دُکھ ہوا ہے۔ دُکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں اُن لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اَپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ میں حادثے میں زخمی ہوئے اَفراد کی جلد صحتیابی وشفایابی کے لئے دعا گو ہوں۔‘‘
اس دوران وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پونچھ سڑک حادثے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ افراد کی بہترین طبی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لیے فوری ہدایات دی گئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے اس حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا’’مینڈھر میں ہونے والے المناک بس حادثے پر گہرا دکھ ہوا جس میں تین قیمتی جانوں کا زیاں ہوا ہے اور۴۵ سے زیادہ زخمی ہوئے ‘‘۔
عمرعبداللہ نے کہا’’میں غم کی اس گھڑی میں سوگوار کنبوں کے ساتھ تعزیت کرتا ہوں اور تمام زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں‘‘۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ متاثرہ افراد کی بہترین طبی دیکھ بھال اور مکمل تعاون کو یقینی بنانے کے لیے فوری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
عمر عبداللہ نے کہا’’معزز وزیر جناب جاوید رانا صاحب سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ جائے حادثہ کا دورہ کریں اور ذاتی طور پر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کریں۔‘‘
ادھرشمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے کرناہ کے علاقے ٹیٹوال میں گوبی پوسٹ کے قریب ریالا مرچنا روڈ پر منگل کو ایک المناک حادثے میں فوج کے دو جوان ہلاک اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس واقعے میں فوج کی ایک گاڑی شامل تھی جو ڈیوٹی کے دوران حادثے کا شکار ہوئی کیونکہ ان کی گاڑی سڑک سے پھسل کر نیچے گر گئی۔
اس واقعہ میں فوج کے دو جوانوں نے اپنی جان گنوادی جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ عہدیدار نے بتایا کہ دونوں زخمیوں کو علاج کے لئے سرینگر کے ۹۲ بیس اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
مرنے والوں کی نعشوں کو طبی و قانونی کارروائی کیلئے ٹنگڈھار اسپتال لے جایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔