سرینگر//
منشیات کے خلاف جنگ کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے پولیس نے جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس پوسٹ ریشی پورہ کی ایک پارٹی نے پنزگام ریلوے کراسنگ پر لگائے گئے ناکے پر گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران دو منشیات فروشوں کو دھر لیا۔
ترجمان نے گرفتار شدگان کی شناخت پرویز احمد حجام ولدعبد الرشید حجام ساکن نیوہ پلوامہ اور انیس محمد ولد غلام محمد ساکن کریم آباد کے طور پر کی۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں ایک ٹا ٹا سومو میں سفر کر رہے تھے اور اس گاڑی کو بھی ناکے پر روکا گیا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے۱۳۰گرام چرس جیسا مواد بر آمد کیا گیا۔ان کا کہنا ہے کہ دونوں کو گرفتار کیا گیا اور گاڑی کو بھی ضبط کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن اونتی پورہ میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس منشیات کی بیخ کنے کے لئے پر عزم ہے ۔