نئی دہلی//
وزیر اعلیٰ‘ عمر عبداللہ نے آج شام قومی راجدھانی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا اور خاص طور پر خطے میں حالیہ پیش رفت پر زور دیا۔
ایک سرکاری ترجمان کے مطابق میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وزیر اعظم کو پہلگام سیاحتی مقام کی بیسارن وادی میں۲۲؍ اپریل کو ہوئے گھناؤنے دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے جموں و کشمیر کے عوام کی جانب سے محسوس کئے جانے والے گہرے رنج و غم کا اعادہ کیا۔
۲۸؍اپریل کو جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی نے متفقہ طور پر پہلگام دہشت گردانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی تھی، جو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے اور خطے کے امن اور ہم آہنگی کے تحفظ کیلئے عوامی نمائندوں کی اجتماعی خواہش کی عکاسی کرتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کو تشدد کو مسترد کرنے میں جموں و کشمیر کے عوام کے درمیان یکجہتی کے گہرے احساس سے آگاہ کیا۔
ادھرپی ٹی آئی نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر ملاقات تقریبا ً۳۰ منٹ تک جاری رہی۔
۲۲؍ اپریل کے دہشت گردانہ حملے‘ جس میں ۲۶؍ افراد‘ جن میں اکثریت سیاحوں کی تھی ‘کی ہلاکت کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی۔