سیلابی صورتحال :باندھ ٹوٹ جانے سے بمنہ کے کئی علاقے ڈوب گئے
سرینگر/22جون
سیلابی صورتحال کے بیچ بمنہ میں باندھ ٹوٹ جانے کے باعث سیلابی پانی رہائشی مکانوں میں گھس گیا جس وجہ سے لوگوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا جارہا ہے ۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ سرینگر کے گوری پورہ اور خمینی چوک بمنہ میں باندھ ٹوٹ جانے کے باعث سیلابی پانی رہائشی مکانوں میں گھس جانے سے علاقے میں افرا تفری کا ماحول پھیل گیا۔
نامہ نگار نے بتایا کہ اگر چہ مقامی نوجوانوں نے باندھ کو بچانے کی انتھک کوشش کی تاہم موسلا دھار بارشوں اور نالے میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث باندھ ٹوٹ گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے گوری پورہ اور خمینی چوک بمنہ کی پوری بستی ستی سر میں تبدیل ہو گئی۔
نامہ نگار نے بتایا کہ مقامی لوگوں اور رضا کاروں کی جانب سے رہائشی مکانوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ ڈرینج سسٹم ناکارہ ہونے اور نالے کی باندھوں کی مرمت نہ کرنے کے باعث علاقے میں یہ صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔
اُن کا کہنا تھا کہ سال 2014میں آئے تباہ کن سیلاب کے بعد مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے باندھوں کی مرمت اور ڈرینج سسٹم کو ٹھیک کرنے کے حوالے سے کئی بار مطالبہ کیا تاہم لوگوں کی آواز صدا بہ صحرا ثابت ہو رہی ہے ۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ سیلاب سے اُن کی قیمتی اشیاءاور رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔
دریں اثنا پولیس اور سیول انتظامیہ کے آفیسران علاقے میں خیمہ زن ہے اور وہ صورتحال کا از خود جائزہ لے رہے ہیں