جموں//
وزیر اعلیٰ ‘عمرعبداللہ نے کہا ہے کہ وہ پہلگام واقعہ کی آڑ میں مرکز سے جموں کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے کا مطالبہ نہیں کریں گے ۔
جموں میں اسمبلی کے خصوصی ایک روزہ اجلاس میں پہلگام میں ۲۶؍افراد کی ہلاکت پر مذمتی قرار داد پر ہوئی بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیرا علیٰ نے کہا کہ وہ پہلگام واقعہ کو استعمال کرکے مرکز سے نہیں کہیں گے کہ جموں کشمیر کاریاستی درجہ بحال کیا جائے ۔
وزیرا علیٰ نے کہا ’’میں یہ موقع استعمال کرنے ریاستی درجے کی بحالی کی مانگ نہیںکروں گا ۔ میں کس منہ سے پہلگام کے اس واقعہ کواستعمال کرکے مرکز سے کہوں گا کہ مجھے ریاستی درجہ دیدو۔میری سیاست کیا اتنی سستی ہے ۔مجھے کیا ان ۲۶ لوگوں کی ہلاکت کی اتنی کم قدر ہے کہ میں مرکزسے کہوں گا۲۶ لوگ مر گئے ہیں اس لئے مجھے ریاستی درجہ دیا جائے ‘‘۔
عمرعبداللہ نے کہا کہ ریاستی درجے کی بحالی کی بات پہلی بھی ہو ئی ہے اور آگے بھی کی جائیگی ’’لیکن لعنت ہو مجھ پر اگر میں مرکز کے پاس جاؤ اور کہوں گہ جناب ۲۶ لوگ مر گئے ہیں اب مجھے سٹیٹ ہڈ دیا جائے ۔سٹیٹ ہڈ کی بات کی جائیگی لیکن اس موقع پر نہیں ‘‘۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کوئی سیاست ہو گی نہ بزنس رولز یا ریاستی درجے کی بات اور نہ کچھ اور ۔ ’’ایک ہی چیز ہوگی اور وہ ہے اس حملے کی شدید مذمت اور ان ۳۶؍افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردری کا اظہار ۔کچھ اور نہیں ہو گا ‘‘۔