سرینگر//
بیرون وادی کشمیری طلبا اور تاجروں کو پہلگام حملے کے بعد پیش آ رہیں مشکلات سے نمٹنے کیلئے وزیرا علیٰ ‘عمرعبداللہ نے اپنے کابینہ ساتھیوں کو ملک کی مختلف ریاستوں میں بھیجا ہے جہاں انہوں نے متاثرہ طلبا کے علاوہ وہاں کے حکام سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے ۔
وزیر برائے خوراک و شہری رسدات ستیش شرما جموں وکشمیر کے طلبا اور کاروباری افراد سے ملنے کے لئے دہرا دون پہنچ گئے ہیں۔
شرمااس دوران، طلباء، کاروباری برادری اور جموں و کشمیر کمیونٹی کے دیگر اراکین سے بات چیت کے لیے دستیاب ہوں گے ۔
حکام نے بتایا’’وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق، طلباء اور جموں و کشمیر کے کاروباری افراد میں تحفظ کا احساس دلانے اور انہیں یقین دلانے کے مقصد کے زیر نظر وزیر برائے خوراک، شہری رسدات اور کھیل ستیش شرما دہرادون پہنچ گئے ہیں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ موصوف وزیر اس دوران، طلباء، کاروباری برادری اور جموں و کشمیر کمیونٹی کے دیگر اراکین سے بات چیت کے لیے دستیاب ہوں گے ۔
ادھروزیر برائے جل شکتی اور قبائلی امور جاوید احمد رانا کشمیر کے طلباء، تاجروں اور اتر پردیش کے حکام سے ملنے کے لیے لکھنؤ پہنچے ۔و
حکام کے مطابق پہلگام دہشت گردانہ حملے کے پس منظر میں ان کے دورے کا مقصد اتر پردیش میں جموں و کشمیر کے باشندوں کے درمیان احساس تحفظ کو یقینی بنانا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ۔
صحت اور تعلیم کی وزیر سکینہ یتو جموں و کشمیر کے طلبا، کاروباری برادری اور دیگر افراد سے ملنے کے لیے چندی گڑھ اور پنجاب میں دستیاب ہیں۔
سکینہ یتو نے ہفتے کی صبح اپنے ’ایکس‘ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا’’میں وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر، احساس تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جموں و کشمیر کے طلبا، کاروباری برادری اور افراد سے ملنے کے لیے چندی گڑھ اور پنجاب میں دستیاب ہوں‘‘۔